ڈرائیوروں اور کنڈیکٹروں کیلئے وردیوں کا استعمال لازمی

 سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیربصیر احمد خان نے کل مختلف محکموں کے آفیسران اورملازمین کو تندہی اورفرض شناسی کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی تاکہ سرینگر میں پورے ٹریفک نظام میں باقاعدگی لائی جاسکے اور عام لوگوں کی راحت رسانی یقینی بن سکے۔صوبائی کمشنر نے ان باتوں کا اظہار ایک میٹنگ کی صدارت کے دوران کیا جس میں سرینگر میں ٹریفک نظام میں باقاعدگی لانے کے لئے کئی اہم فیصلے لئے گئے۔میٹنگ میں ترقیاتی کمشنر سرینگر،آئی جی پی ٹریفک،آر ٹی اوکشمیر اورٹریفک ایڈوائزر کے علاوہ مختلف محکموںکے آفیسران اورمسافر بس اور سومو اسٹینڈ کے نمائندوںنے شرکت کی۔صوبائی کمشنرنے ٹریفک نظام میں باقاعدگی کویقینی بنانے اورسرینگر اور اس کے گردونواح میںٹریفک دبائو کو کم کرنے کے لئے کئی منصوبوں پر عمل آوری کے لئے زوردیا۔انہوںنے کہا کہ سرینگر اور اس کے گردونواح میں 5000سے زیادہ روڈ سائینز اوردیگر سائینجیز نصب کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک کی آمدورفت میں رکائوٹوں کو دور کرنے کے لئے ترجیحی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔آئی جی پی ٹریفک نے کہا کہ ائر پورٹ روڈ سے جہانگیر چوک تک اوربڈیاری چوک سے ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ تک ٹریفک دبائو کو کم کرنے کے لئے تجاوزات کو ہٹانے اور ضرورت پڑنے پر باز آبادکاری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔صوبائی کمشنر نے پسنجر بس یونینوں کو ہدایت دی کہ 15اپریل سے تمام ڈرائیوروں اور کنڈیکٹروں کے لئے وردیوں کا استعمال لازمی ہوگا۔انہوںنے کہاکہ پارمپورہ بس اسٹینڈ میں بسوں کے داخل ہونے اور باہر جانے کے لئے علیحدہ علیحدہ گیٹ ہوںگے۔صوبائی کمشنر نے ترقیاتی کمشنر سرینگر اور ایس ڈی اے کو سڑکوں پر کام کرنے والے گاڑیوں کے تمام ورکشاپوں فوری طور ہٹانے کی ہدایت دی تاکہ ان سڑکوںپر ٹریفک کی معمولی نقل وحرکت یقینی بن سکے۔