سرینگر///حکومت ہند کے منسٹری آف الیکٹرانکس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی (MEITY) کے پلیٹ فارم ڈجی دھن پر موجود اعداد و شمار کے مطابق جموں و کشمیر بینک پورے ملک کے ڈجیٹل لین دین میں چوتھے نمبر پر ہے ۔ایک بیان کے مطابق ملک کے کئی سر کردہ بینکوں سے آگے جموں و کشمیر بینک نے موجودہ مالی سال2010-21کے پہلے سہ ماہی کے دوران ایک کروڑ83لاکھ ڈجیٹل ادائیگی والے لین دین کئے ہیں اور14جولائی کو یہ بینک ڈجیٹل انڈیا مشن کے سرکردہ چار بینکوں میں شامل ہوا ہے۔واضح رہے کہ منسٹری آف الیکٹرانکس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے ڈجی دھن ڈیش بورڈ نامی ایک ایسا پلیٹ فارم رکھا ہے جس پر سے ملک بھرکے ڈجیٹل لین دین کو دیکھا جارہا ہے اور مکمل شفافیت کے ساتھ اسکے اعداد و شمار جاری کئے جاتے ہیں۔اس اعزاز کو حاصل کرنے پربینک کے چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر راجیش کمار چھبر نے کہا کہ یہ قومی ڈجیٹل مشن کی طرف ہمارا ایک بہت بڑا قدم ہے اور ملک کے سینکڑوں بینکوں میں سے اس حوالے سے چوتھا مقام حاصل کرنا ہمارے لئے فخر کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اس بات کی بھی نشاندہی کرتا ہے کہ بینک کا ٹیکنالوجی شعبہ کتنا مضبوط ہے جس سے ہم نے موبائل بینکنگ، ای بینکنگUPI,پوئنٹ آف سیل (POS) کریڈٹ و ڈیبٹ کارڈ وغیرہ سہولیات کو اپنے گاہکوں کیلئے بہم رکھا ہے۔ ہمیں اس بات کی خوشی ہے کہ جہاں قومی سالانہ منصوبہ8کروڑ لین دین کا ہے وہاں جے کے بینک اس جانب اپنا رول بخوبی نبھا رہا ہے۔
ڈجیٹل لین دین| جموں و کشمیر بینک پورے ملک میں چوتھے نمبر پر
