ڈاک خانہ گلی سمیت قصبہ کے کئی مقامات پر گندگی ڈھیر جمع

بانہال // جموں سرینگر شاہراہ پر واقع قصبہ بانہال میں میونسپل کونسل کی نا اہلی اور عدم دلچسپی کی وجہ سے قصبے کے کئی مقامات پر گندگی اور غلاظت کے ڈھیر موجود ہوتے ہیں اوریہاں تعینات صفائی کرمچاری ہفتے دس دن بعد ہی من مرضی سے صفائی پر اتے ہیں۔ ڈاکخانہ بانہال کے سامنے سے نکلنے والی گلی کے دکاندار میونسپل کونسل بانہال کی ناقص کارکردگی سے مایوس ہیں اور اس گلی میں گندگی کو صاف کرنے میں ہفتوں لگانے کی وجہ سے یہ دکاندار پریشان ہیں۔ کئی دکانداروں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ڈاکخانہ گلی سے نہ صرف ہزاروں لوگ رزانہ آتے جاتے ہیں بلکہ اس گلی میں درجنوں ریڑھی فروش بھی اپنا روزگار کماتے ہیں اور میونسپل کونسل کو روزانہ کی بنیاد پر فیس بھی ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکخانہ اور ڈولیگام روڈ تک جانے والی اس اہم گلی میں گندگی اور غلاظت کے ڈھیر کئی کئی روز تک جمع رکھے جاتے ہیں اور یہاں تعینات صفائی کرمچاری مہینے کے دو ایک بار ہی صفائی کیلئے آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کی وجہ سے راہ گیروں اور دکانداروں کو ناقابل بیان مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس گلی کو صفائی کے اعتبار سے  بار بار نظر انداز کرنے کا معاملہ متعلقہ چئیرمین اور دیگر اہلکاروں سے کئی بار اٹھایا گیا ہے لیکن ان کی طرف سے اب تک کوئی کاروائی نہیں کی گئی ہے۔