ڈاک بنگلہ ۔گوہلد سڑک پرغیر معیاری کام کا الزام ایس ڈی ایم نے جائزہ لے کر ناراضگی کا اظہار کیا

جاوید اقبال

مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر کے ڈاک بنگلہ سے گوہلد رابطہ سڑک کی تعمیر کے دوران مقامی لوگوں کی جانب سے غیر معیاری مٹریل کے استعمال کے الزامات سامنے آنے کے بعد ایس ڈی ایم مینڈھر نے تعمیر اتی عمل کا جائزہ لیا ۔انہوں نے تعمیر اتی عمل پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ موقعہ پر غیر معیاری اور قاعدہ کیخلاف کام کیاجارہا ہے جس کو برداشت نہیں کیاجائے گا ۔

 

 

غور طلب ہے کہ محکمہ پی ڈبلیو ڈی کی جانب سے رابطہ سڑک کے پانچ اور کلو میٹر حصہ میں کام کے سلسلہ میں 6لاکھ سے زائد فنڈز کا ٹینڈر لگایا ہوا ہے تاہم مقامی لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ متعلقہ ٹھیکیدار کی جانب سے انتہائی غیر معیاری طریقہ سے کام کرنے کیساتھ ساتھ ناقص مٹریل کا استعمال بھی کیاجارہا ہے ۔دورے کے دوران ایس ڈی ایم مینڈھر نے متعلقہ محکمہ کے آفیسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ عوامی سہولیت کیلئے معیاری کام کروایا جائے ۔اس دوران انہوں نے محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے زیر تحت تعمیر ہونے والی رابطہ سڑک کا بھی معائینہ کیا۔انہوں نے آفیسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ اگر کام معیاری نہیں کیاگیا تو ٹھیکیدار و ملازمین کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔