ڈاک بنگلہ گوہلد ۔بالاکوٹ 9کلو میٹر سڑک نا قابل استعمال

مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر کے ڈاک بنگلہ گوہلد تا بالاکوٹ 9کلو میٹر سڑک نا قابل استعمال ہونے کی وجہ سے عام لوگوں و ٹرانسپورٹروں کو مشکل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ عوام نے محکمہ پی ڈبلیو ڈی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سڑک کو معیاری و قابل آمد ورفت بنانے کیلئے کوئی دھیان نہیں دیاجارہا ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کے ملازمین و آفیسران کیلئے مذکورہ رابطہ سڑک سونے کی کان کا کام کررہی ہے جبکہ فنڈز کو کاغذی کام کے نام پڑ ہڑپ لیا جاتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سڑک پر ابتدائی 4کلو میٹر میں تار کول کئی برس قبل بچھائی گئی تھی جبکہ انتظامیہ کی لاپرواہی کی وجہ سے اب و ہ حصہ بھی کھڈوں میں تبدیل ہو گیا ہے جبکہ مزید دو کلو میٹر میں بجری بچھانے کیلئے ٹینڈر کیا گیا تھا لیکن ٹھیکیدا ر کام چھوڑ کر غائب ہو چکا ہے ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ رابطہ سڑک کی مدد سے ایک وسیع سرحدی علاقہ کی عوام مشکل حالات میں سفر کرتی ہے لیکن محکمہ پی ڈبلیو ڈی کی لاپرواہی کی وجہ سے سڑک کو قابل آمد ورفت نہیں بنایا جارہا ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جلدزجلد سرحدی علاقوں کو سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر کیساتھ جوڑنے والی سڑ ک کو مکمل کر کے مسافروں کی مشکل کو حل کیا جائے ۔