مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے گوہلد علاقہ میں جانے والی رابطہ سڑک گزشتہ کئی دنوں سے پسی گر آنے کی وجہ سے بند پڑی ہوئی ہے تاہم ابھی تک محکمہ تعمیرات عامہ کی جانب سے سڑک کو بحال کرنے کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے ۔محکمہ کی غفلت شعاری کی وجہ سے پریشان ہو کر مکینوں کا ایک وفد سابقہ سرپنچ زمرد خان کی قیاد ت میں تحصیلدار مینڈھر سے ملا قی ہوا ۔وفد میں شامل اراکین نے بتایا کہ گزشتہ 2ہفتوں سے رابطہ سڑک مکمل بند پڑی ہوئی ہے لیکن ابھی تک محکمہ اس کی بحالی کیلئے سنجیدہ نہیں ہے جس کی وجہ سے ایک وسیع علاقہ کی گنجان آبادی کو پیدل سفر کرناپڑرہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سڑک کے چھ کلو میٹر سیکٹر میں گزشتہ دنوں ایک پسی گر آئی تھی لیکن اس کے بعد حکام نے اس جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیا ۔تحصیلدار مینڈھر نے موقعہ پر متعلقہ محکمہ کے اعلیٰ آفیسران سے بات چیت کر کے وفد کو یقین دلایا کہ جلد ہی رابطہ سڑک کو بحال کر دیا جائے گا ۔وفد نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کے ملازمین کی ڈیوٹی اور سنجیدگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عام لوگوں کی پریشانی کم ہو سکے ۔
ڈاکہ بنگلہ۔ گوہلد سڑک پسی کی وجہ سے بند
