ڈاکٹر فاروق کا ٹیسٹ مثبت

سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدر اور ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر فاروق عبداللہ بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے انکی جلدصحت یابی کے لئے دعا اور نیک خواہشات کا اظہارکیا ہے۔ 85سالہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بارے میں صدر عمر عبداللہ نے ٹویٹر پراطلاع دی۔انہوں نے منگل کی صبح اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا’میرے والد کا کوویڈ19 ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور ان میں اس وائرس کی کچھ علامتیں ہیں، میں اور میرے گھر والے ٹیسٹ کرائے جانے تک قرنطینہ اختیار کر رہے ہیں‘۔انہوں نے مزید لکھا تھا کہ ’اْن تمام لوگوں، جو گزشتہ چند دنوں کے دوران ہمارے رابطے میں آئے ہیں، سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ لازمی احتیاطی تدابیر اپنائیں‘۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے 2مارچ کو کورونا وائرس سے بچائو کی ویکسین لگوائی تھی۔ انہیں دوسری خوراک دو دن بعد دی جانی تھی لیکن انکا ٹیسٹ مثبت آیا۔وزیر اعظم نے اپنے ٹویٹ میں کہا’’'میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ جی کی اچھی صحت اور کورونا سے فوری صحتیابی کے لئے دعا گو ہوں،میں عمر عبداللہ اور دیگر اہلخانہ کی اچھی صحت کے لئے بھی دعا گو ہوں‘‘۔عمر عبداللہ نے اس پر وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: 'میں اپنے والد اور دیگر اہلخانہ کی طرف سے آپ کی نیک خواہشات کے اظہار اور دعاؤں کے لئے مشکور ہوں'۔دریں اثنا ء لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بھی ڈاکٹر فاروق کی اچھی صحت اور فوری صحتیابی کے لئے دعا کی ہے ۔انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: 'میں رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ جی کی فوری صحتیابی اور اچھی صحت کے لئے دعا گو ہوں۔ میری نیک خواہشات اور دعائیں ان کے ساتھ ہیں'۔پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کے جلد صحتیاب ہونے کی امید ظاہر کی ہے ۔