ڈاکٹر فاروق کا منوج سنہا کے نام مکتوب ڈائٹ اور ایس سی ای آر ٹی کی سونہ وار منتقلی روک دی جائے

 نیوز ڈیسک

سرینگر//نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ (رکن پارلیمان)نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے نام ایک مکتوب میں اس بات پر زور دیا کہ وہ DIETاور SCERT کے دفاتر کو بائز ہائی اسکول سونہ وار منتقل کرنے کے فیصلے پر نظر ثانی کریں کیونکہ اندیشہ ہے کہ مذکورہ اسکول گرائونڈ، جس کو علاقے کے نوجوان گزشتہ 5دہائیوں سے کھیل میدان کے طور پر استعمال کررہے ہیں، اب کھیلوں سرگرمیوں کے لئے دستیاب نہیں ہوگا۔ڈاکٹر عبداللہ نے اپنے خط میں ایل جی کی توجہ معاملے کی جانب مرکوز کراتے ہوئے کہا کہ مذکورہ دفاتر کی منتقلی سے نہ صرف وہاں کے طلباء کی تعلیمی اور غیر نصابی سرگرمیاں متاثر ہوں گی بلکہ اس سے اسکول کی ہائر سیکنڈری سطح تک اپ گریڈیشن پر بھی اثر پڑے گا۔اس کے علاوہ حکومت کے اس فیصلے کے خلاف مقامی لوگوں کی ناراضگی کی سب سے بڑی وجہ ان کا یہ خدشہ ہے کہ مذکورہ اسکول گراؤنڈ، جسے ایک وسیع آبادی کے نوجوان کھیل کے میدان کے طور پر استعمال کررہے ہیں، میں کھیل سرگرمیوں میں رکاوٹ آجائے گی۔ڈاکٹر فاروق نے ایل جی سے تاکید کہ وہ ذاتی طور پر اس کا جائزہ لیں اور موجودہ منظر نامے کے پیش نظر، جب ہمارے نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد منشیات جیسے بدعات کی لت میں مبتلا ہورہی ہے،اس معاملے پر نظر ثانی کریں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ڈر ہے کہ اگر مذکورہ علاقوں کے نوجوانوں کو کھیل کے میدان کی سہولیات میسر نہیں ہونگی تو خدا نہ خواستہ وہ بھٹک سکتے ہیں۔