سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے شاعر مشرق علامہ اقبالؒ کے یوم وصال پر کہا ہے کہ ڈاکٹر اقبالؒ کا کلام صرف برصغیر کیلئے ہی نہیں بلکہ ساری دنیا کیلئے انمول، لافانی اور نادر سرمایہ ہے۔اُنہوں نے کہا کہ حضرت اقبالؒ کا پیغام خدا اعتمادی اور خود اعتمادی پر مبنی ہے۔ آپ کے کلام میں انسان دوستی، باہمی رواداری، انسانیت کی بقا اور انسانی قدروں کی صحیح عکاسی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبالؒ اخوت اور محبت کے چراغوں کو روشن کرنے کا پیغام دیتے ہوئے اصل میں انسان کوزندگی کا بڑا مقصد حاصل کرنے کا درس دیتے ہیں۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہاکہ وادی کشمیر کو ساری دنیا میں اِس لئے بھی ایک خاص مقام حاصل ہے کیونکہ شاعر مشرق کا تعلق بھی وادی سے ہی تھا۔کارگذار صدر عمر عبداللہ نے بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ برصغیر کے اِس بلند پایہ فلسفی شاعرعالم انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے۔پارٹی کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال، سینئر لیڈران محمد شفیع اوڑی ، شریف الدین شارق اور میاں الطاف احمد نے بھی شاعر مشرق کو خراج عقیدت پیش کیاہے۔
ڈاکٹر فاروق کا شاعر مشرق کو یوم وصال پر خراج عقیدت
