سری نگر// جموں وکشمیرنیشنل کانگریس کے سرپرست اعلیٰ اور ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر فاروق عبدا ﷲ نے نئی دہلی میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے جنرل سیکریٹری اور سابق راجیہ سبھا ممبر ڈی راجا کے ساتھ جمعہ کے روز ملاقات کی ہے۔
نیشنل کانفرنس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ’جموں وکشمیر کے عوام کے حقوق کی بحالی کیلئے وسیع تر اتحاد کی ضرورت ہے جس کے پیش نظر ڈاکٹر فاروق عبدا ﷲ نے سی پی آئی کے جنرل سیکریٹری کے ساتھ اہم ملاقات کی ہے‘۔انہوں نے کہا کہ دونوں لیڈران نے جموں وکشمیر کی موجودہ صورتحال اور 5 اگست 2019 کے بعد پیدا شدہ حالات کے بارے میں تبادلہ خیالات کیا۔
ترجمان کے مطابق ’دونوں لیڈران کے درمیان دفعہ 370 اور 35 اے کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر کے ریاستی درجے کی بحالی بھی زیر غور آئے
انہوں نے بتایا کہ دونوں لیڈران نے اس بات پر زور دیا کہ جموں وکشمیر کی چھینی ہوئی جمہوریت اور لوگوں کے آئینی حقوق کی بحالی کیلئے اتحاد اور شانہ بہ شانہ چلنے کی ضرورت ہے‘۔
اُن کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں لیڈران کا ماننا تھا کہ ملک کے اندر صحیح سوچ رکھنے والے عوام اور سیاسی جماعتیں جموں وکشمیر کے عوام کے حقوق کی بحالی کے لئے ایک آواز میں بات کریں اوریہاں کے عوام کی اس جدوجہد میں ان کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑے رہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کانگریس صدر مسز سونیا گاندھی کے علاوہ ملک کے سرکردہ لیڈران سے ملاقات کی۔