ڈاکٹر فاروق اور عمر عبداللہ کی مبارکباد

سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے 10ویں کے امتحان میں کامیابی حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو صمیم قلب سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے انکے بہتر مستقبل کے لئے دعا کی اور کامیابی کیلئے اساتذہ کی سخت محنت و لگن کو بھی سراہا۔ دونوں لیڈران نے امتیازی پوزیشنیں حاصل کرنے اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلاب، اُن کے والدین اور اُن کے اساتذہ کو بھی خصوصی طور مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ امتحانات میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے جتنی ایک طالب علم کی محنت کام آتی ہے اُتنا ہی والدین خصوصاً اساتذہ کی محنت اور لگن بھی کارفرما ہوتی ہے ۔ کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے پارٹی لیڈران نے کہا کہ یہ بات انتہائی خوش آئند ہے کہ کورونا وائر س اور مسلسل لاک ڈائون سے تعلیمی اداروں کے بند رہنے کے باوجود بھی ہماری نئی پود نے مشکلات میں درس و تدریس کا سلسلہ جاری رکھا۔پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی ،اراکین پارلیمان محمد اکبر لون، حسنین مسعودی، سینئر لیڈران عبدالرحیم راتھر، محمد شفیع اوڑی، میاں الطاف احمد، چودھری محمد رمضان، علی محمد ڈار، شمیمہ فردوس، سکینہ ایتو ،ڈاکٹر بشیر ویری، ترجمان عمران نبی ڈار اور فاروق احمد شاہ نے بھی کامیاب اُمیدواروں کو مبارکباد پیش کی ہے۔