ڈاکٹر علی اصغرشاہ ’ممتاز محقق ‘ ایوارڈ سے سرفراز

 راجوری//بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کے سائنسدان ڈاکٹر علی اصغر شاہ کو’ممتاز محقق‘ کے اعزاز سے نوازاگیاہے ۔اس سلسلے میں محکمہ زولوجی میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ڈاکٹر علی اصغر شاہ کو مبارکباد پیش کی گئی ۔ ضلع پونچھ کی تحصیل مینڈھرکے گورسائی علاقہ سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر علی اصغر شاہ کو یونیورسٹی کے یوم تاسیس کے موقعہ پر وزیر برائے تعمیرات عامہ نعیم اختر کے ہاتھوں وائس چانسلر پروفیسر جاوید مسرت کی موجودگی میں اس اعزاز سے نوازاگیا۔ انہیں 2لاکھ روپے نقد، ایک سرٹیفکیٹ اور مومنٹو پیش کیا گیا۔اس موقعہ پرڈاکٹر علی اصغر شاہ کی طرف سے کئے گئے کاموں پر تفصیلی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ان کی خدمات پربھارت سرکار کے محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی نے انہیں ینگ سائنٹسٹ ایوارڈ اور فاسٹ ٹریک فیلو شپ2007سے نوازاہے۔ اس تحقیق میں انہوں نے 61 قسم کے نیماٹوڈ کو ایجاد کیا ہے جن میں سے 26سائنسی دنیا کیلئے نئے ہیں۔ اسی کام کی بنا پر برطانیہ کے ایک سائنسدان ڈاکٹر ایم آر صدیقی نے ایک نیماٹوڈ کا نام شاہ نیما رکھ کر ڈاکٹر علی اصغر شاہ کے کام کو سراہا۔ڈاکٹر شاہ کو انڈین اکیڈمی آف سائنس اینڈ نیچر اور زولوجیکل سوسائٹی آف انڈیا کی طرف سے بھی اعزازات سے نوازا جاچکاہے۔ اس وقت ڈاکٹر علی اصغر بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی میں شعبہ زولوجی کے سربراہ ہیں اور وہ ملکی و غیر ملکی جریدوں کیلئے تحقیقی مقالے لکھ چکے ہیں۔