ڈاکٹر عزیز حاجنی کی 2کتابوں کی رسم رونمائی

سرینگر/ ادبی مرکز کمراز کے اہتمام اور ریڈیو کشمیر سرینگر اور محکمہ اطلاعات کے اشتراک سے کل میڈیا کمپلیکس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے آڈیٹوریم میں ایک پُروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں وادی کے نامور شاعر، ادیب، قلمکار اور تنظیم ساز ڈاکٹر عزیز حاجنی کے شعری مجموعے ’’ اسہِ چھے￿ پُرَن ہمساین تل‘‘ اور Me And My Animal کی رسم رونمائی انجام دی گئی۔گیان پیٹھ ایوارڈ یافتہ شاعر اور ادیب پروفیسر رحمان راہی نے تقریب کی صدارت کی جبکہ وزیر برائے دیہی ترقی، پنچایتی راج اور قانون اور انصاف کے وزیر عبدالحق خان مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے تشریف آور تھے۔’’ اسہِ چھے￿ پُرَن ہمساین تل‘‘ شعری مجموعہ پرمعروف براڈکاسٹر ستیش وِمل اورMe And My Animal کتاب پر ایڈیٹر انگریزی کلچرل اکیڈیمی عابد احمد نے مقالات پیش کئے۔پروفیسر رحمان راہی نے اپنے صدراتی خطبے میں ڈاکٹر عزیز حاجنی کو مُبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی یہ تصنیف کشمیری ادب میں ایک سنگ میل ثابت ہوگی۔ عبدالحق خان نے کہا کہ ادیبوں ،شاعروں اور دانشوروں کی  کہکشاں کومخاطب ہوکر وہ انتہائی مسرت محسوس کررہے ہیں۔ادبی مرکز کمراز کے صدر فاروق رفیع آبادی نے وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری کے اُن اقدامات کو سراہا جو انہوں نے کشمیری مضمون واددی کے کالجوں میں پڑھائے جانے کے لئے اٹھائے۔ڈاکٹر عزیز حاجنی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر، کشمیری زبان اور کشمیریت اُن کی رگ رگ میں بسے ہوئے ہیںاور یہ اُن کے لئے دلچسپی کے موضوعات ہیں ۔ اس موقعے پر نوجوان گلورکار اشفاق احمد کاوا اور نُور الصباء نے عزیز حاجنی کا کلام پیش کرکے حاضرین کو محظوظ کیا۔تقریب میں اطراف و اکناف سے آئے ہوئے سرکردہ ادیبوں، شاعروں ، دانشوروں اور قلمکاروں، آرٹسٹوں، سرکردہ صحافیوں اور سول سوسائٹی سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔