ڈاکٹر شازیہ شیخ کے سرجن بننے پر اظہار مسرت

 پونچھ//حسین محتشم//شازیہ شیخ دختر ظفر مہدی شیخ کے جے کے پی ایس سی امتحانات میں شاندار کامیابی اور ان کو ویٹنری سرجن تعینات ہونے پر پورے علاقہ میںخوشی کا ماحول ہے۔اس کامیابی پر شیخ خاندان کو مبارک بادی کے پیغامات دیئے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔معروف شاعر ڈاکٹر لیاقت جعفری ،سابق ضلع ترقیاتی کمیشنر سید انور حسین شیرازی ،تنظیم المومنین منڈی کے صدر نجم جعفری ، سرپنچ حلقہ پنچایت منڈی مبشر حسین بانڈے،محمد سبطین انصاری اور شمیم الحسن انصاری نے اپنے اپنے مبارک بادی کے پیغام میں ڈاکٹر شازیہ اور ان کے والدین کو مبارک باد دی ہے۔
 
 

منجاکوٹ میں ٹریکنگ کو ہری جھنڈی 

منجاکوٹ//پرویز خان//تحصیل منجاکوٹ میں محکمہ یوتھ سروسزاینڈ سپورٹس کی طرف سے بچوں کو ٹریکنگ کیلئے بھیجا گیا ۔ اس موقع پر زونل ایجوکیشن افسر منجاکوٹ غلام حسین نے بچوں کو ہری جھنڈی دکھائی ۔تقریب میں محکمہ یوتھ سروس اینڈ سپورٹس کے ملازمین بھی موجود تھے، تحصیل ہیڈ کوارٹر منجاکوٹ سے پنچایت حیات پورا تک لگ بھگ دس کلو میٹر سفر پیدل طے کرنے کے بعد یہ بچے واپس پہنچیں گے۔اس ٹریکنگ میں پچاس طالب علموں نے حصہ لیا ہے ۔
 
 

بانہال کا شہری کو یت میں لقمۂ اجل 

بانہال /محمد تسکین/ بانہال کے ہنجہال ڈولیگام علاقے سے تعلق رکھنے والا ایک شخص فاروق احمد ولد غلام محمد پرہنو کویت میں ایک سڑک حادثے میں لقمہ اجل بن گیا تھا اس کے ساتھی کی مدد سے اس کی میت کو ایک ہفتے بعد جمعہ کو اسکے آبائی گاؤں پہنچایا گیا جہاں پر اُسے سپرد خاک کیا گیا۔ مرحوم روزگار کے سلسلے میں کویت میں تھا اور 23 نومبر کو ایک سڑک حادثے میں شدید طور پر زخمی ہونے کے بعد اُسے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں پر تقریباً 17 دن تک بے ہوش رہنے کے بعد اس نے 10 دسمبر کو دم توڑ دیا ۔ اس کی لاش کو اس کے ساتھی مولوی خورشید احمد بہرو نے بڑی مشقت کے بعد کویت سے آبائی علاقے بانہال پہنچانے میں کامیابی حاصل کی۔مرحوم فاروق احمد کی عمر 38 برس تھی اور یہ اپنے پچوں اہلیہ 2 بیٹوں 2 بیٹیوں اور ایک بھائی و تین بہنوں کو پیچھے چھوڑ گیا ہے ۔