ڈاکٹر ریاض الحسن کی تصنیف’ دُرِ یتیم ‘ کی رونمائی

حاجن//ادبی مرکز کمراز کی سرپرستی میں حلقہ ادب سوناواری حاجن اور وہاب کلچرل سوسائٹی حاجن کی طرف سے دارالعلوم اسلامیہ حاجن میں ایک ادبی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت ادبی مرکز کمراز کے صدر محمد امین بٹ نے کی جبکہ مفتی منظور احمد قاسمی نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ مرکزی ادارہ اوقاف اسلامیہ حاجن کے صدر غلام نبی ڈارمہمانِ ذی وقار کی حیثیت سے ایوانِ صدار ت میں موجود تھے۔اپنے خطبہ استقبالیہ میں حلقہ ادب حاجن کے صدر شاکر شفیع نے دینی اداروں پر زور دیا کہ وہ دینی تصانیف کو کشمیری زبان میں ترجمہ کرانے کے لیے سعی کریں۔ تقریب پر ڈاکٹر ریاض الحسن کی تازہ تصنیف ’ دُرِ یتیم‘ کی رونمائی انجام دی گئی۔مذکورہ کتاب پر ڈاکٹر امین فیاض نے مفصل اور مدلل مقالہ پیش کیا ، جس پر بعد میں سیر حاصل بحث ہوئی۔ مقالے پر شہباز ہاکباری، محمد شفیع بٹ اور عادل محی الدین نے اپنے تاثرات پیش کئے۔تقریب پر محفلِ نعت کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں مہتاب منظور،ساگر سرفراز، فاروق عطیب،آکاش علی محمد اور شبیر مقبول نے اپنا نعتیہ کلام پیش کرکے تقریب کو معطر کردیا۔ یاد رہے اس تقریب کو مرکزی ادارہ اسلامیہ حاجن کا بھی اشتراک رہا۔تقریب کے آخیر پرحلقہ ادب حاجن کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر ریاض الحسن نے مہمانوں اور شرکاء کا فرداً فرداً شکریہ ادا کیا۔