ڈاکٹر رِسم ،ڈاکر رشیداور لیہہ کا وفد گورنر سے ملاقی

جموں//ڈائریکٹر ایکسٹنشن جو اِس وقت زرعی یونیورسٹی جموں کے انچارج وائس چانسلر ہیں ، نے راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقات کی۔ اُنہوں نے یونیورسٹی میںجاری انتظامی ، تدریسی اور تحقیقی عمل کے بارے میں گورنر کو جانکار ی دی۔زراعت کو معیشت کی ریڈھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے گورنر نے فارم یونیورسٹیوں میں تحقیق کے معیار میں بہتری لانے اور زرعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے کی اہمیت پر زور دیا۔ادھرخوراک ، سو ل سپلائز اور امور صارفین کے سیکرٹری ڈاکٹر عبدالرشید نے راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقات کی۔اُنہوں نے گورنر کو محکمہ کے کام کاج خاص طور سے سول سپلائز کی ٹرانسپورٹیشن اور فیئر پرائس دکانوں اور ڈیپوئوں پر تقسیم کاری نظام کے بارے میں جانکاری دی۔گورنر نے تقسیم کاری کے عمل میں شفافیت لانے پر زور دیا تاکہ غذائی اجناس کو وقت پر ہر ضلع میں دستیاب کرایا جاسکے۔اُنہوں نے ڈاکٹر عبدالرشید جواس ماہ کے آخر میں سبکدوش ہو رہے ہیں ، کو مستقبل کے لئے نیک خواہشات پیش کیں۔اس دوران آل لداخ ہوٹل اینڈ گیسٹ ہاوس ایسو سی ایشن اور لداخ ٹور آپریٹرس ایسو سی ایشن کے ایک وفد نے لداخ خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل لیہہ کی چیف ایگزیکٹیو کونسلر چیرنگ نمگیال کی قیادت میں گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقات کی۔وفد نے اقتصادی سرگرمیوں پر جی ایس ٹی کے اثرات اور خطے میں سیاحت اور تواضع شعبوں کی بہتری سے متعلق اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد نے گورنر کو ایس آر او 63 میں ترمیم کر کے سیاحتی شعبے کو صنعت کا درجہ دینے کی مانگ کی تاکہ اس شعبے میں جی ایس ٹی کے فوائد مل سکے ۔وفد نے غیر جمع شدہ جی ایس ٹی ، سود اور جرمانوں کو ریفنڈ کرنے کی مانگ کی۔