ڈاکٹر جتند ر سنگھ نے کٹھوعہ میں ہائی وے ولیج کا سنگ بنیاد رکھا

کٹھوعہ//شمال مشرقی خطے کے وزیر مملکت اور عوامی شکایات ، پنشنز اور وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ نے لوگیٹ موڑ کٹھوعہ میں این ایچ 44 پر ہائی وے ولیج کا سنگ بنیاد رکھا ۔ اس موقع پر ای ڈی سی ، اے سی ڈی ، اے سی آر ، آر ٹی او اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔سنگ بنیاد رکھنے کے بعد ایک بھاری اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا نے قومی شاہراہوں کے اطراف 183 جگہوں کی نشاندہی کی ہے جہاں پارکنگ سہولیات ، ریسٹورنٹ، فوڈ کوٹ ، ڈھابے ، ٹیلی فون بوتھ ، اے ٹی ایم ، ریسٹ روم ، بیت الخلاء اور دیگر سہولیات قائم کی جائیں گی۔ہائی وے ولیج کی اہمیت اُجاگر کرتے ہوئے ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ یہ ریاست میں اپنی نوعیت کا پہلا پروجیکٹ ہے اور پہلے مرحلے کے تحت اس پروجیکٹ کے لئے 20 کروڑ روپے مختص رکھے گئے ہیں جو 18ماہ میں مکمل ہوگا۔اُنہوں نے کیریاں گنڈیال کا پل ، میڈیکل اینڈ انجینئر نگ کالج ، بائیو ٹیک پارک اور جتھانہ پل سمیت کئی دیگر اہم پروجیکٹوں کا بھی تذکرہ کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ہیرا نگر علاقے میں 400بیت الخلاء تعمیر کئے گئے ہیں جبکہ بنکروں کا تعمیراتی کام جلد مکمل کیا جائے گا۔شاہ پور کنڈی پروجیکٹ کو ایک اہم حصولیابی قرار دیتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی بروقت مداخلت سے چالیس سال سے زیرِ اِلتوا ٔاس پروجیکٹ کو منظوری دی گئی ہے۔اس سے قبل ڈی سی کٹھوعہ نے ہائی وے ولیج پروجیکٹ کی خاصیت کے بارے میں مدلل جانکاری دی۔