ڈاکٹرالکندی جمعیت اہلحدیث کے صدر منتخب

عظمیٰ نیوزسروس

سرینگر// ڈاکٹر عبداللطیف الکندی آئندہ تین برس کیلئے جمعیت اہلحدیث جموںوکشمیر کے صدر منتخب ہوگئے ۔موصولہ بیان کے مطابق سرینگر میں جمعیت کی مرکزی شوریٰ کے400سے زیادہ اراکین نے اس انتخابی عمل میں شرکت کی اور کثرت رائے سے ڈاکٹر الکندی کا انتخاب صدر جمعیت کی حیثیت سے ہوا۔ اس بات کا اعلان سرینگر میں اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میںانتخابی بورڈکے چیئرمین مفتی محمد یعقوب بابا المدنی نے کیا ۔ان کی معاونت عبدالرحمن بٹ اور مشتاق احمد وانی نے کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر الکندی نے کہا کہ ذمہ داریوں کا بار گراں میرے کندہوں پر پڑا ہے اور جماعت وجمعیت کے ہر پیر وجوان سے تعاون طلب کرتے ہوئے کہا ’’ مجھے میری خامیوں سے آگاہ کرنا آپ کی ذمہ داری ہے‘‘ ۔انہوں نے کہا کہ توحید وسنت کا فروغ ٗ وحدت اُمت ٗ تطہیر معاشرہ اور انسانیت کی خدمت ہماری ترجیحات ہیں۔واضح رہے کہ ڈاکٹر الکندی معروف عالم دین ودانشور ہیں۔ انہوں نے 1979 ء میں الکلیۃ السلفیۃ بربرشاہ سرینگر میں داخلہ لیا ،1986ء میں یہاں سے فارغ ہوئے ۔1987ء میں مدینہ یونیورسٹی میںداخلہ لیا اور ماسٹرز وڈاکٹریٹ کی ڈگریاں حاصل کیں۔قرآن حکیم کے کشمیری ترجمہ میںاُن کا بھی خاص کردار ہے۔آپ نے 17سال تک حج کے سیزن میں ارض پاک میںحجاج کی تربیت وفتاویٰ کا کام کیا ۔ عالمی سطح کی اسلامی کانفرنسوں میںشرکت کا فریضہ بھی انجام دیتے آئے ہیں۔2005ء میں واپس آئے تب سے جمعیت اہلحدیث جموںوکشمیر کے مختلف مناصب پر کام کرتے رہے اور آج مرکزی مجلس شوریٰ نے کثرت رائے سے اُنہیں آئندہ تین سال کیلئے اپنا صدر منتخب کیا ۔