ڈاکٹراصغر سامون کا کپوارہ دورہ | معیاری تعلیم فراہم کرنے کی ہدایت، ترقیاتی پروجیکٹوں کامعائنہ

کپوارہ//پرنسپل سیکریٹری سکل ڈیولپمنٹ ڈاکٹراصغر حسن سامون نے ضلع کپوارہ کا ایک تفصیلی دورہ کیا جس کے دوران انہوں نے گورنمنٹ پالی ٹیکنیک کالج ( جی پی سی ) کپوارہ ، آئی ٹی آئی کپوارہ کے کام کاج اور کرہامہ میں جی پی سی کی جاری تعمیرات کا معائنہ کیا۔پرنسپل سیکریٹری کے ہمراہ ڈائریکٹر سکل ڈیولپمنٹ سدرشن کمار، پرنسپل جی پی ایس کپوارہ منظور احمد کمار، جوائنٹ ڈئریکٹر پلاننگ عبدالمجید ، ڈی جی ایم جے کے پی سی سی کپوارہ ، ایگزیکٹیو انجینئر پی ڈی ڈی ، پی ایچ اِی ، آر اینڈ بی اور دیگر متعلقہ اَفسران بھی تھے۔ڈاکٹر سامون نے گورنمنٹ پالی تکنیک کالج بوہامہ کا دورہ کیا اور ایک کلاس روم میں شرکت کی جس کے دوران انہوں نے طلباء اور اَساتذہ سے بات چیت کی۔انہوں نے کالج کے ٹرینروں کو ہدایت دی کہ وہ طلباء کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں فیلڈ وِزٹ کے حوالے سے بھی معلومات فراہم کریں۔انہوں نے طلباء پر وزور دیا کہ وہ اِنٹرنیٹ اور لائبریری جیسے مختلف ذرائع سے مشورہ کر کے اَپنے نالج بینک کو فروغ دیں اور روزگار دینے والے بنیں۔پرنسپل سیکرٹری موصوف نے کالج اِنتظامیہ کو گیسٹ فیکلٹی کی مصروفیات جاری رکھنے کی ہدایت دی تاکہ طلباء مستفید ہوں۔پرنسپل سیکرٹری نے کرہامہ کپوارہ میں جی پی سی کے نئے کیمپس کی جاری تعمیر کا معائنہ کیا ۔انہوں نے متعلقہ اِنجینئروں کو ہدایت دی کہ وہ مختلف کاموں کی رفتار میں سرعت لائیں اور عمارتوں کی تکمیل کو مقررہ مدت میں یقینی بنائیں۔اِس سے قبل پرنسپل سیکریٹری ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے آئی ٹی آئی کپوارہ کا معائنہ کیا اور طلباء اور فیکلٹی ممبران سے بات چیت کی۔