ڈائریکٹرہارٹیکلچر کشمیر کا دورئہ بارہمولہ

فیاض بخاری
 بارہمولہ//ڈائریکٹر ہارٹیکلچر کشمیر اعجاز احمد بٹ نے جمعرات کو ضلع بارہمولہ کا دورہ کیاجہاں موصوف نے ضلع کے کئی علاقوں میں بدھ کو ہوئی شدید ژالہ باری سے میوہ باغات کو ہوئے نقصانات کا جائزہ لیا۔انہوں نے ضلع کے شیرپورہ، ماموسہ، کانلو، باباگنڈ، سری، نہالپورہ، لالپورہ کنزر، لال پورہ ٹنگمرگ، ڈوبی وان اور پنجورہ کا دورہ کر کے ژالہ باری سے ہوئے نقصان کا جائزہ لیا۔ڈائریکٹر کے ہمراہ چیف ہارٹیکلچر آفیسر بارہمولہ اور ضلع کے دیگر افسران بھی تھے۔ واضح رہے کہ بدھ کی شام وادی کے مختلف حصوں میں ژالہ باری ہوئی تاہم دیگر اضلاع میں اس کی شدت زیادہ نہیں تھی۔اس موقع پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل نے متاثرہ پھل کاشتکاروں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ نقصان کی حد کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان علاقوں میں تقریبا 30سے 35فیصد نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے کسانوں کو مشورہ دیا کہ وہ گھبرائیں نہیں کیونکہ یہ ابھی تک نقصان پہلے مرحلے ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ نقصانات کا اندازہ لگانے کے لیے متاثرہ اضلاع میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔متاثرہ علاقوں کے باغبانوں کو مندرجہ ذیل سفارشات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا گیا اور باغات کو فوری طور پر یوریا اور محکمہ کی جانب سے منظور شدہ ادویات کا چھڑکا ئوکریں۔