چین یا پاکستان کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے:جنرل نروانے | فوجی سربراہ کا لداخ کا دورہ،حقیقی کنٹرول لائن پر دفاعی صورتحال کا جائزہ لیا

سرینگر//بھارت کی فوج چین یا پاکستان کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی اہل ہے جیساکہ چینی فوج نے رواں سال ماہ جون جولائی میں دیکھ لیا۔اس بات کااظہار فوج کے سربراہ جنرل منوج مکندنروانے،نے لداخ دورے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنی سرزمین کی حفاظت کرنے کے علاوہ امن کے متلاشی ہیں تاہم اگر کسی کو امن پسند نہیں ہے تو ہمیں اُسے اُسی کی ہی زبان میں جواب دینا آتا ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جنرل نروانے، نے ریچن لا سمیت اگلے علاقوں کا دورہ کیا اور لداخ میں حقیقی کنٹرول لائن کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لیا۔ سی این آئی کے مطابق بھارتی فوجی سربراہ ایم ایم نروانے نے منگل کے روز مشرقی لداخ میں حقیقی کنٹرول لائن کا دورہ کیااور وہاں تعینات فوجی کمانڈروں اور فوجی اہلکاروں کے ساتھ بات کی ۔ اس دوران انہوں نے لداخ کی سخت ٹھنڈ سے بچنے کیلئے مشرقی سرحد پر تعینات فوج کیلئے گرمی اور دیگر انتظامات کا بھی جائزہ لیا ۔لیہہ میں قائم 14 کور کے کمانڈر جنرل پی جی کے مینن ،نے فوج کے سربراہ کو صورتحال کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا۔  فوجی سربراہ نے کرسمس سے پہلے فوجیوں میں مٹھائیاں بھی تقسیم کیں اور انہیں کرسمس کی مباردکباد دی ۔ اس موقعے پر انہوں نے کہا کہ اپنی سرزمین کی سرحد کی حفاظت کیلئے معمور فوج جو اس منفی درجہ حرارت میں اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں، کو ہر ممکن ضروریات فراہم کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چین کی ہٹ دھرمی کے نتیجے میں دونوں جانب فوج کو اس علاقے میں قیام کرنا پڑا جہاں پر کوئی بھی جاندار زندہ نہیں رہ سکتا  ۔ فوجی سربراہ نے اس موقعہ پر کہا کہ جموں کشمیر کی سرحدیں ہوں یا لداخ کی برفیلی سرحدیں ہوں ہماری فوج جس بہاردی کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں، ہمارے پڑوسی ممالک کی سمجھ میں آگیا ہے کہ بھارت کسی بھی جارحیت کو برداشت نہیں کرسکتا ۔ نروانے، نے کہا کہ چین نے ماہ مئی میں جو مشرقی لداخ کے گلوان اور دیگر مقامات پر اپنی فوج تعینات کی تھی ،اس کے برخلاف بھارت کی فوج کی پیش قدمی کے بعد جو حالات وہاں پیدا ہوئے وہ چین کیلئے ایک سبق ہے، خاص کر جون جولائی میں جس قدر لداخ میں بھارتی فوج نے مستعدی کا مظاہرہ کیا چین نے وہ دیکھ لیا اور اب وہ شایدہی  دوبارہ ایسی غلطی دہرانے کی ہمت کرے گا۔ فوجی سربراہ نے کہا کہ ہندوستانی فو ج پاکستان یا چین کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر امن کے قیام کی خواہشمند ہیں ،تاہم اگر کوئی امن نہیں چاہتا تو یہ اس کی کمزوری ہے، تاہم ہم اس کا بھرپور جواب دینے کے اہل ہیں ۔