چین کی بڑھتی دراندازی | مودی کی خاموشی حیران کن:راہل

نئی دہلی//یو این آئی// کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ چین ہندوستانی سرحد میں مسلسل دراندازی کر رہا ہے اوروہ سرحد پر سرگرمیاں بڑھا رہا ہے ، لیکن وزیر اعظم نریندر مودی اس پر خاموش ہیں اور ان کی یہ خاموشی حیران کن ہے ۔کانگریس لیڈر نے منگل کو کہا کہ چین ہندوستانی سرحد کے قریب مسلسل سرگرمیاں بڑھا رہا ہے ۔اس نے پینگونگ لیک پر گزشتہ دومہینے کے دوران پل کی تعمیر کی اوریہ تعمیراتی کام لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) کے بالکل قریب کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ چین جس طرح ہمارے لیے وارننگ بن رہا ہے ، اس کا جواب دیاجانا چاہیے ، لیکن حیران کن بات یہ ہے کہ ملکی سلامتی سے جڑے اس معاملے پر وزیراعظم حیران کن طور پر خاموش ہیں۔مسٹر گاندھی نے کہا، ''وزیراعظم کی خاموشی غیر معمولی ہے ۔ ہماری سرزمین، ہمارے لوگ، ہماری سرحدیں زیادہ تحفظ کی مستحق ہیں۔"