اشرف چراغ
کپوارہ //شمالی ضلع کپوارہ کے ماور علاقے کے متعدد علاقوں میں قہر انگیز ژالہ باری سے ہوئے نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے چیف ہارٹیکلچر کپوارہ ہندوارہ نے دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لیا اورکسانو ں کو یقین دلایا کہ انہیں ہر ممکن امداد دینے کیلئے محکمہ ضلع انتظامیہ کو اپنی رپورٹ پیش کریں گے۔جمعرات کے روز ماور ہندوارہ اور قاضی آ باد کے متعدد علاقوں جن میں آڈورہ ،درنگسو ،ہرل ،جہامہ ،شیخ پورہ ،دربل بالا ،تیرنا ،گنڈ ریشی ،تانترے گنڈ ،گنڈ ریشی ،شاٹھ گنڈ اورکھڈ بک شامل ہیں ،میں ژالہ باری نے تباہی مچا دی ہے اور یہا ں کے میوہ باغات کو شدید نقصان دو چار ہونا پڑا۔ادھر عشپورہ قاضی آباد کے علاقوں میں بھی ژالہ باری سے زبر دست نقصان پہنچ چکا ہے۔باغ مالکان کا کہنا ہے کہ رواں سال میں تیسری مرتبہ ژالہ باری کے دوران ان کے میوہ باغات کو شدید نقصان پہنچا لیکن حالیہ ژالہ باری نے ان کا سب کچھ چھین لیا۔باغ مالکان نے سرکار سے معاوضہ کا مطالبہ کیا۔اس دوران ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ خالد جہانگیر کی ہدایت پر جمعہ کے روز چیف ہارٹیکلچرکپوارہ ہندوارہ ظہور احمد بٹ کی قیادت میں ایک ٹیم نے متاثرہ علاقوں کا دور ہ کر کے صورتحال کا جائزہ لیا۔چیف ہارٹیکلچر آفیسر ظہور احمد بٹ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ماور زون میں ژالہ باری جو قریب دس منٹ تک جاری رہی سے میوہ باغات کو 50فی صدی سے زائد نقصا ن پہنچ چکا ہے اور باقی علاقوں میں بھی بہت نقصان پہنچ چکا ہے۔انہو ں نے باغ مالکان سے کہا کہ وہ بچے ہوئے میوہ جات کو مناسب دوا پاشی کریں کیونکہ ژالہ باری کے بعد میوہ باغات میں بیماری لگنے کا بہت امکان ہوتا ہے ۔انہو ں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ کی ہدایت پر محکمہ مال اور متعلقہ محکمہ کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں نقصان کا جائزہ لے رہے ہیں جس کے بعد وہ ایک مفصل رپورٹ تیار کر کے ضلع انتظامیہ اور ڈائریکٹر ہارٹی کلچرکو پیش کریں گے جس کے بعد سرکار متاثریں کو معاوضہ فراہم کرنے کے لئے اقدامات کرے گی۔
چیف ہارٹیکلچر آفیسرکاماور دورہ
