چیف جسٹس کاکولگام دورہ، ودھک سیوا کیندر کا افتتاح کیا

کولگام //جموں وکشمیر اورلداخ کے چیف جسٹس پنکج میتھل نے ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس کولگام کا دورہ کیا اور نئے تعمیر ہونے والے ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس پر جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔اس موقعہ پر انتظامی جج ڈسٹرکٹ کولگام جسٹس سنجے دھر اور رجسٹرار جنرل جواد احمد موجود تھے۔ بعدازاں چیف جسٹس نے کورٹ کمپلیکس میںای ۔ فلنگ کیلئے ودھک خدمت مرکز (وی ایس کے)کولگام کا افتتاح کیا اور جسٹس سنجے دھر، جواد احمد اور پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر خورشید رینہ کی موجودگی میں موقع پر ہی درخواست رجسٹرار جوڈیشل سرینگر کے سامنے پیش کی ۔جسٹس متھل نے جوڈیشل ، سول اور پولیس افسران سے تفصیلی ملاقات کی اور ضلع میں عدالتوں کے بنیادی ڈھانچے اور انتظامی انتظامات اور ان کے کام کاج کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ضلعی عدالت کے سامنے پیش آنے والے متعدد امور کے ازالے کے لئے موقع پر ہدایت دی ۔چیف جسٹس نے یقین دلایا کہ انصاف کی فراہمی میں تمام شراکت داروں کی شکایات کو بروقت حل کیا جائے گا۔جسٹس سنجے دھر نے کہاکہ وہ اسی زمین کا بیٹا ہونے کے ناطے وہ ضلع میں بہترین انفراسٹرکچر مہیا کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کولگام نے اس موقع پر ضلعی عدلیہ کا ایک جائزہ پیش کیا۔سکریٹری ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی کولگام ، مہرین مشتاق نے شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کولگام ، ڈاکٹر بلال محی الدین بھٹ ، ایس ایس پی ، گورندرپال سنگھ ، اے سی آر ، میر امتیاز العزیز اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔