چیف جسٹس سدھاکر اور جسٹس میرکے اعزاز میں الوداعیہ

جموں// قائمقام چیف جسٹس راما لنگم سدھاکر اور جسٹس محمد یعقوب میر جو منی پور اور میگالیا ہائی کورٹو ں کے چیف جسٹس مقرر کئے گئے ہیں کو یہاں جموں وکشمیر ہائی کورٹ میں گرمجوشی الوداعیہ دیا گیا ۔تقریب پر ہائی کورٹ کے جج صاحبان جن میں جسٹس الوک ارادھے ، جسٹس ڈی ایس ٹھاکر ، جسٹس تاشی ربستن ، جسٹس جنک راج کوتوال ، جسٹس سنجیو گپتا ، رجسٹری کے افسران ، چیف جسٹس کے پرنسپل سیکرٹری، رجسٹرار جوڈیشل ، رجسٹرار ویجی لنس و ہائی کورٹ کے دیگر عملے کے ممبران شامل تھے، نے حصہ لیا۔تقریب کی نظامت رجسٹرار جوڈیشل وریندر سنگھ بھاوجبکہ سینئر ایڈوکیٹ جنرل ایس ایس نندہ نے قائم مقام چیف جسٹس راما لنگم سدھاکر اور جسٹس محمد یعقوب میر کی کثیر رُخی شخصیات پر روشنی ڈالی۔اپنے الوداعیہ خطاب میں قائمقام چیف جسٹس راما لنگم سدھاکر ، جسٹس محمد یعقوب میر نے جموں وکشمیر ریاست کے جوڈیشل نظام کی طرف سے اظہار کئے گئے شفقت کا شکریہ ادا کیااور ہائی کورٹ کے عملے کی بھی تعریف کی جنہوں نے ان کے ساتھ ریاست میں مکمل اشتراک اور تعاون فراہم کیا۔بعد میں ہائی کورٹ میں ایک تقریب منعقد ہوئی جہاں ہائی کورٹ کے عملے نے دونوں جج صاحبان کو پُر خلوص الوداع کہااور جسٹس الوک ارادھے کو قائمقام چیف جسٹس کا عہدہ سنبھالنے کا خیرمقدم کیا۔