چیف الیکٹورل آفیسر کا ضلع کشتواڑ میں اِنتخابی تیاریوں کا جائزہ | دچھن میں اِنٹرمیڈیٹ سٹرانگ روموں اور پولنگ سٹیشنوں کا معائینہ کیا

عظمیٰ نیوز سروس

کشتواڑ///چیف الیکٹورل آفیسر پانڈورانگ کے پولے نے ضلع میں اسمبلی اِنتخابات کے آزادانہ، منصفانہ، شفاف اور آسمان اِنعقاد کو یقینی بنانے کے مقصد سے کشتواڑ کا دورہ کیا جہاں اُنہوں نے ضلع کے اِندروال، کشتواڑ، پاڈر۔ناگسینی اسمبلی حلقوں کے لئے مجموعی اِنتخابی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے منی سیکرٹریٹ میں نوڈل اَفسروں کے ساتھ میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر کشتواڑ راجیش کمار شائون، سینئر سپراِنٹنڈنٹ آف پولیس کشتواڑ عبدالقیوم ،ایڈیشنل سیکرٹری سندیش گپتا، تمام اسمبلی حلقوں کے ریٹرننگ افسران، ڈپٹی ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر ادریس لون اور الیکشن سے متعلق سرگرمیوں کی نگرانی کرنے والے نوڈل افسران نے بھی شرکت کی۔دورانِ میٹنگ اِنتخابی انتظام کے اہم پہلوؤں بشمول اَفرادی قوت کی تعیناتی، اِی وِی ایم رینڈمائزیشن اور ٹرانسپورٹیشن ، پولنگ عملے کے اِنتظامات، سٹرانگ روموں، سیکورٹی پروٹوکول، کنٹرول روم کے کام کاج اور اِنتخابات کے پُرامن اِنعقاد کے لئے دیگر اِنتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے پی پی ٹی پرزنٹیشن کے ذریعے ضلعی الیکشن پروفائل کا جائزہ پیش کیا جس میں رائے دہندگان کی گنتی، پولنگ سٹیشنوں اور پولنگ مقامات کی تعداد، ماڈل پولنگ سٹیشنوں، ہوم ووٹنگ کی سہولیات، سویپ سرگرمیاں اورڈِسٹرکٹ الیکشن مینجمنٹ شامل ہیں۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے اَفسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دورے کا مقصد یہ دیکھنا ہے کہ کسی قسم کی کوئی کمی نہ ہو اور اِنتخابی عمل کو کامیاب بنانے کے لئے کمی کوجلد از جلددور کیا جائے۔اُنہوں نے رائے دہندگان کو مؤثر طریقے سے آگاہ کرنے اور ان کی شمولیت کے لئے سویپ اَقدامات کو جاری رکھنے پر زور دیا اور تمام شراکت داروں سے کہاکہ وہ بی اے جیز ، بی ایل اوز ، اے ڈبلیو ڈبلیوز ، اساتذہ اور نوجوانوں اور کالجوں اور سکولوں کے طلبأکو ایس وِی اِی اِی پی اَقدام کے تحت شامل کرکے گھر گھر پہل سے ووٹر ٹرن آؤٹ کو زیادہ سے زیادہ کریں۔ ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے چیف الیکٹورل آفیسر کو آگاہ کیا کہ ضلع میں رائے دہندگان کی تعداد کو بہتر بنانے کے مقصد سے اِس بار اسمبلی اِنتخابات میں ووٹر ٹرن آئوٹ کو بہتر بنانے کے لئے مائیکرو لیول پلاننگ کی گئی ہے۔مزید برآں، چیف الیکٹورل آفیسرنے ہدایت دی کہ سویپ ( ایس وِی اِی اِی پی )کے تمام پروگراموں کی وسیع پیمانے پر تشہیر کی جائے اور زیادہ سے زیادہ رائے دہندگان کی بیداری کو یقینی بنانے کے لئے یوتھ آئیکون اور معاشرے کے دیگر میڈیا انفلوئنسروںکی طرف سے پُر کشش سوشل میڈیا مواد تیار کیا جائے۔اُنہوں نے بی ایل اوز کی خدمات اِستعمال کرتے ہوئے رائے دہندگان میں ووٹر سلپس کی تقسیم پر زور دیا تاکہ ضلع میں ووٹر ٹرن آؤٹ کو بڑھانے کے لئے ہر کوئی اَپنا ووٹ ڈال سکے۔سی ای او نے معمر اَفراد اور جسمانی طور خاص اَفراد کے لئے ہوم ووٹنگ کے لئے شفافیت کے اَقدامات پر بھی زور دیا۔ اُنہوں نے تمام شراکت داروں کو ہدایت دی کہ ضلع کے تمام پولنگ سٹیشنوں پر مقررہ تاریخوں پر شجرکاری مہم چلائی جائے جس میں ماحولیاتی ذمہ داری کی اہمیت کا اِظہار کیا جائے۔ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے یقین دِلایا کہ ضلع میں اِی وِی ایم اور وِی وِی پی اے ٹی کی مناسب سپلائی پوری طرح سے لیس ہے جس میں کافی بفر سٹاک بھی شامل ہے تاکہ آئندہ اسمبلی اِنتخابات کے آسان اور مؤثر اِنعقاد کو یقینی بنایا جاسکے۔ تمام پولنگ سٹیشنوں پر بغیر کسی رُکاوٹ کے اِنتخابی عمل کو آسان بنانے کے لئے تیاریاں جاری ہیں۔دریں اثنا، ایس ایس پی نے ضلع میں امن و امان کے اِنتظامات، اَفرادی قوت کی تقسیم اور سیکورٹی گرڈ پیش کیا۔چیف الیکٹورل آفیسر نے دورے کے دوران ضلع ہیڈکوارٹروں میں ایم سی ایم سی، رسید اور ڈسپچ سیکشنوں، کائونٹنگ سینٹروں اور سٹرانگ روموںکا بھی معائینہ کیا اور متعلقہ نوڈل آفیسر کو آزادانہ، منصفانہ اور آسان اِنتخابات کے اِنعقاد کو یقینی بنانے کے لئے ضروری ہدایات دیں۔ ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر نے چیف الیکٹورل آفیسر کو آزادانہ، منصفانہ اور پُرامن اِنتخابات کو یقینی بنانے کے لئے اِنتظامیہ کی مکمل تیاریوں کا یقین دِلایا۔سی ای او نے نوڈل افسروں اور آر اوز کو سخت ہدایات جاری کیں کہ وہ ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ پر عمل کریں اور ضلع میں اگر کوئی خلاف ورزی ہو تو اِس پر نظر رکھیں۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر کشتواڑاور ایڈیشنل سیکرٹری کے ہمراہ ضلع کشتواڑ کے دچھن علاقے کا دورہ کیا اور اسمبلی اِنتخابات کے پُرامن اِنعقاد کے لئے قائم انٹرمیڈیٹ سٹرانگ روموں اور پولنگ سٹیشنوں کا معائینہ کیا۔ اُنہوں نے طلبأ سے اِستفساری گفتگو کی اور وہاں سویپ پروگرام میں حصہ لیا۔اِس کے علاوہ متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی گئی کہ وہ اِن علاقوں میں اِنتخابی تیاریوں کو بہتر بنائیں۔دریں اثنا ،ڈِسٹرکٹ ہیڈکوارٹر میں چیف الیکٹورل آفیسر پانڈورانگ کے پولے نے چوگن گراؤنڈ میں ایک سویپ اِنتخابی بیداری پروگرام میں شرکت کی۔ بیداری پروگرام میں لوک سبھا اِنتخابات۔ 2024 کافی ٹیبل بُک ، شجرکاری مہم ، سویپ کلچرل سکٹ، ووٹر پلیج شامل تھے۔ اِس موقعہ پر چیف الیکٹورل آفیسر جموں و کشمیر نے ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر کشتواڑ ، ایس ایس پی کشتواڑ اور دیگر افسران کی موجودگی میں ایک سویپ وین کو بھی ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔