چھٹی لائن میں بیٹھے نظر آئے راہل گاندھی

 نئی دہلی // کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے راج پتھ پر منعقدہ 69 ویں یوم جمہوریہ کی تقریبات میں شرکت کی۔ وہ چھٹی قطار میں بیٹھے ہوئے نظر آئے۔ غور طلب ہے کہ کانگریس نے جمعرات کو اعتراض کیا تھا کہ راہل کو چوتھی قطار میں بیٹھنے کی جگہ دی گئی ہے۔ حالانکہ بعد میں ان کی سیٹ چوتھی سے بدل کر چھٹی لائن میں کردی گئی۔سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ ٹویٹر پر شیئر کی گئی تصویروں میں راہل گاندھی ، غلام نبی آزاد کے ساتھ بیٹھے ہوئے نظر آرہے ہیں۔  کانگریس صدر راہل گاندھی کو انڈیا گیٹ لان میں چھٹی قطار میں بٹھانے پر پارٹی نے زبردست ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے مودی حکومت کی گھٹیا سیاست قرار دیا لیکن یہ بھی کہا کہ ا س کے لئے آئین کے نفاذ سے متعلق یہ تقریب سب سے اہم ہے ۔کانگریس پارٹی کے میڈیا سیل کے انچارچ رندیپ سرجے والا نے ایک ٹویٹ کرکے کہا''پوری دنیا نے مودی حکومت کی گھٹیا سیاست دیکھی ہے اور اس حکومت نے سبھی روایات کو طاق پر رکھ کر جان بوجھ کر کانگریس صدر راہل گاندھی کو پہلے چوتھی قطار میں نشست دی لیکن پھر چھٹی قطارمیں بٹھایا۔