چھوٹی صنعتوں کو قرضوں کی متواتر فراہمی

 سرینگر//چھوٹی اور درمیانہ درجے کی صنعتوں کو قرضوں کی فراہمی کی نگرانی سے متعلق اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی کی39ویں میٹنگ ریزرو بنک آف انڈیا کے ایف آئی ڈی ڈی کے جنرل منیجر ائے کے متو کی صدارت میں منعقد ہوئی،جس کے دوران کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر جاوید احمد ٹینگہ نے بھی شرکت کی۔بیان کے مطابق میٹنگ کے دوران کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹرئز کے صدر جاوید احمد ٹینگہ نے چھوٹی اور درمیانہ درجے کی صنعتوں کو متواتر اور بروقت قرضوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے علاوہ قرضہ فنڈ اسکیم کو بھی لاگو کرنے کا مطالبہ کیا۔ٹینگہ نے ممکنہ طور پر قابل عمل کمزور اکائیوں کی باز آبادکاری اور متعلق چھوٹی اور درمیانہ درجے کی صنعتوں کیلئے متعلقہ بنکوں کی شاخوں کو کھولنے کے علاوہ دستکار قرضہ اسکیم کے تحت دستکاروں کو مالی امداد فراہم کرنے کی بھی وکالت کی۔کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹرئز نے اس بات پر اطمنان کا اظہار کیا کہ میٹنگ میں پیش کردہ مطالبات پر سب نے اتفاق پایا،جبکہ چیئرمین نے اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی کہ ریاستی سطح کی بنکوں کی کمیٹی میں منظوری ملنے کے بعد اس سلسلے میں بنکوں کی طرف سے ضروری اقدامات فوری طور پر اٹھائے جائیں گے۔