چھجلا منکوٹ کو جانے والی سڑک خستہ حالی کا شکار عوام مشکلات سے دوچار،فوری مرمت کی مانگ

جاوید اقبال

مینڈھر//سب ڈویژن مینڈھر کی تحصیل منکوٹ کے گائوں چھجلا کی طرف جا رہی سڑک کی حالت نہایت ہی خستہ ہے۔ علاقہ کے لوگوں نے محکمہ تعمیرات عامہ کے اعلیٰ آفیسران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے سڑک بڑے بڑے کھڈوں میں تبدیل ہو گئی ہے جس پرگاڑیوں کا چلنا مشکل ہو گیا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اس سڑک پر دن بھر سینکڑوں افراد گاڑیوں کے ذریعے سفر کرتے ہیں۔انکاکہناتھا کہ کیونکہ چھجلا علاقے میں کئی زیارتیں ہیں جن پر بڑی تعداد میں لوگوں کا آنا جانا لگا رہتا ہے اُور سڑک کی حالت ٹھیک نہ ہونے کی وجہ سے لوگوں کو کئی قسم کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ چھجلا علاقہ کو جا رہی سڑک کے معاملہ کو لیکر انہوںنے کئی بار متعلقہ محکمہ کے آفیسران کے ساتھ ساتھ انتظامیہ سے بھی بات کی لیکن سڑک کی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہا ہے اور سڑک پر گاڑیوں کا چلنا مشکل ہو گیا ہے اور اب سڑک بڑے بڑے کھڈو ںمیں تبدیل ہو گئی ہے۔ اِس سلسلہ میں سابق سرپنچ اظہر نسیم نے بات کرتے ہوئے کہا کہ سڑک کی حالت بہت خستہ ہے اور متعلقہ محکمہ سڑک کی طرف توجہ نہیں دے رہا ہے۔ اُنہوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ اُور ضلع ترقیاتی کمیشنر پونچھ سے ایپل کی کہ سڑک کی حالت کو درست کرنے کیلئے متعلقہ محکمہ کے ملازمین کو ہدایت دی جائےتا کہ سڑک کی حالت کو درست کیا جاسکے۔