رائے پور// چھتیس گڑھ کے گورنر بلرام جي داس ٹنڈن کا آج یہاں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہو گیا۔ وہ تقریبا 91 سال کے تھے ۔گورنر ہاؤس کے ذرائع نے بتایا کہ مسٹر ٹنڈن کو صبح دل کا دورہ پڑا جس کے بعد فوری طور پر انہیں امبیڈکر ہسپتال لے جایا گیا۔ڈاکٹروں نے فوری طور پر علاج شروع کیا اور باہر سے بھی ڈاکٹروں کو بلایا گیا، لیکن ڈاکٹروں کی انتھک کوشش کے بعد بھی انہیں بچایا نہیں جا سکا۔مسٹر ٹنڈن کافی وقت سے صحت سے متعلق کئی مسائل کا سامنا کر رہے تھے ۔ وزیر اعلی ڈاکٹر رمن سنگھ نے امبیڈکر ہسپتال پہنچ کر ڈاکٹروں سے بات چیت کی اور پھر باہر آکر صحافیوں کو گورنر کے انتقال کی اطلاع دی۔مسٹر ٹنڈن کو مرکز میں مودی حکومت کے قیام کے بعد چھتیس گڑھ کا گورنر مقرر کیا گیا تھا۔ان کی پیدائش یکم نومبر1927کو امرتسر، پنجاب میں ہوئی تھی۔ انہوں نے پنجاب یونیورسٹی، لاہور سے گریجویٹ کیا۔ اس کے بعد وہ سماجی اور عوامی سرگرمیوں میں سرگرم رہے ۔ بے لوث جذبے سے سماج کی خدمت اور عوامی فلاح کے کاموں کی وجہ سے مسٹر ٹنڈن پنجاب کے عوام میں بہت مقبول رہے ۔مسٹر ٹنڈن سال 1953 سے سال 1967 کے دوران امرتسر میں میونسپل کونسلر اور سال 1957، 1962، 1967، 1969 اور 1977 میں امرتسر سے اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ۔ سال 1997 کے اسمبلی انتخابات میں، مسٹر ٹنڈن راجپورا اسمبلی کے حلقے سے منتخب ہوئے ۔ انہوں نے پنجاب کابینہ میں سینئر کابینی وزیر کے طور پر صنعت، صحت، مقامی حکومت، لیبر اور روزگار وغیرہ محکموں میں اپنی خدمات انجام دیں اور موثر انتظامی صلاحیت کا ثبوت دیا۔ مسٹر ٹنڈن سال 1979 سے 1980 کے دوران پنجاب اسمبلی میں حزب اختلاف کے رہنما بھی رہے ۔ مسٹر ٹنڈن جنیوا میں لیبر ڈیپارٹمنٹ کے بین الاقوامی کانفرنس میں ہندوستانی وفد کے ڈپٹی لیڈر کے طور پر شامل ہوئے اور کانفرنس سے خطاب کیا۔ انھوں نے نیپال کے دارالحکومت کاٹھمنڈو میں سارک ممالک کے مقامی بلدیاتی کانفرنس میں بھی ہندوستانی ٹیم کی نمائندگی کی۔سال 1975 سے 1977 تک، وہ ایمرجنسی کے دوران جیل میں رہے ۔ اپنی مسلسل سرگرمی سے وہ ریاستی حکومت کے سامنے عوامی مسائل کو سامنے لاتے رہے ۔ 1991 میں لوک سبھا انتخابات کا اعلان ایک ایسے وقت میں تھا جب پنجاب میں دہشت گردی عروج پر تھی۔ اس دوران انہوں نے امرتسر لوک سبھا کے انتخابی حلقے کے انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ، جو اس وقت دہشت گرد متاثرہ علاقے سمجھا جاتا تھا۔ اس انتخابی مہم کے دوران عسکریت پسندوں نے کئی بار ان پر حملہ کیا تھا لیکن خوش قسمتی سے وہ محفوظ رہے تھے ۔ مسٹر بلرام جی داس ٹنڈن نے 1947 میں ہندوستان کی تقسیم کے دوران پاکستان آنے والے لوگوں کے لئے بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ایک اہم کردار ادا کیا۔ مسٹر ٹنڈن بہت سادگی پسند تھے انہوں نے حال ہی میں گورنروں کی بڑھی ہوئی تنخواہ لینے سے انکار کر دیا۔یو این آئی
چھتیس گڑھ کے گورنر بلرام جی داس ٹنڈن کا انتقال
