یو این آئی
جگدل پور//وزیر اعظم نریندر مودی نے کل چھتیس گڑھ کے جگدل پور اور بستر میں 27ہزار کروڑ روپے کی لاگت کے متعدد ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا اور قوم کے نام وقف کیا۔ ان پروجیکٹوں میں بستر ضلع میں 23800 کروڑ روپے سے زیادہ کے ناگر نار میں این ایم ڈی سی اسٹیل لمیٹڈ کا اسٹیل پلانٹ کے ساتھ متعدد ریلوے اور سڑک پروجیکٹ شامل ہیں۔ انہوں نے تروکی – رائے پور ڈی ای ایم یو ٹرین سروس کو بھی ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔یہاں ایک عوامی جلسے کو خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ترقی یافتہ ہندوستان کا خواب اسی وقت پورا ہوگا جب ملک کی ہر ریاست ، ہر ضلع اور ہر گاوں ترقی یافتہ بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے تقریباً 27 ہزار کروڑ روپے کی لاگت والے پروجیکٹ ان عزائم کو پورا کرنے کے لئے شروع کئے گئے ہیں اور انہوں نے ترقیاتی پروجیکٹوں کے لئے چھتیس گڑھ کے عوام کو مبارکباد دی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ترقی یافتہ ہندوستان کے لئے ٹھوس سماجی اور ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچہ مستقبل کی ضروریات کے مطابق ہونا چاہئے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال بنیادی ڈھانچے کے لئے 10 لاکھ کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں یعنی 6 گنا اضافہ کیا گیا ہے۔ریل ، سڑک ، ہوائی اڈہ ، بجلی کے پروجیکٹوں ، ٹرانسپوٹیشن ، غریبوں کے لئے مکان ، تعلیم اور حفظان صحت کے اداروں میں اسٹیل کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نے پچھلے 9 برسوں میں ملک کو اسٹیل کی پیداوار میں خود کفیل بنانے کے لئے کئی اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’چھتیس گڑھ اسٹیل تیار کرنے والی بڑی ریاست ہونے کے بھرپور فوائد حاصل کررہی ہے‘‘۔
ایمس کی تعداد بڑھائی جارہی ہے
حیدرآباد//وزیراعظم مودی نے کہا ہے کہ کسی بھی ریاست کی ترقی کے لئے بجلی اہم ہے اورتلنگانہ بجلی کی پیداوار میں خود مکتفی بن رہا ہے۔انہوں نے تلنگانہ کے ضلع نظام آباد میں بجلی،ریل اور صحت جیسے اہم شعبوں میں تقریباً 8000 کروڑ روپے کے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کو قوم کے نام کیا۔اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہو ں نے ان پروجیکٹس پر تلنگانہ کو مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہاکہ کل پداپلی میں این ٹی پی سی کے پراجکٹ کے پہلے یونٹ کا آغاز کیاگیا ہے۔ جلد ہی دوسرایونٹ بھی شروع ہوگا جس سے اس کی گنجائش 4000میگااواٹ ہوجائے گی۔این ٹی پی سی کے پلانٹس میں یہ سب سے عصری پلانٹ ہے۔اس سے بجلی کی پیداوار کا بڑاحصہ تلنگانہ کو ملے گا۔ مودی نے کہاکہ انہوں نے2016میں اس پراجکٹ کا سنگ بنیاد رکھاتھا۔یہی حکومت کا ورک کلچر ہے۔