جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے چھترال علاقہ سے پٹھانہ تیر جانے والی لفٹ واٹر سپلائی سکیم گزشتہ 13برسوں سے مکمل ہی نہیں کی جاسکی جس کی وجہ سے کئی دیہات کی عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کا عمل متاثر ہوا ہے جبکہ لوگوں کواس مشکل وقت میں پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مذکورہ لفٹ واٹر سپلائی سکیم کا افتتاح 2009کو ہوا تھا جس کے تحت چھترال کیساتھ ساتھ پٹھانہ تیر علاقوں کے کئی دیہات میں پینے کا صاف پانی فراہم کیا جانا تھا لیکن اس پروجیکٹ پر متعلقہ حکام کی انتہائی نااہلی کی وجہ سے کام انتہائی سست رفتار کا شکار ہے جس کی وجہ سے ابھی تک مذکورہ لفٹ سکیم سے پانی کا معقول بندوبست ہی نہیں کیا جاسکا ۔3.25کروڑ روپے کی لاگت سے تیار ہونے والی لفٹ سکیم پر بھاری رقم خرچ کرنے کے باوجود بھی نہ تو پوری طرح سے پاپئیں لائنیں بچھائی جاسکی ہیں اور نہ ہی عوام کو پانی مہیا کرنے کا خواب پورا ہو سکا ہے ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ پروجیکٹ میں بھاری رقم کی ہیرا پھیری کی گئی ہے جسکی وجہ سے اس پروجیکٹ کو مکمل ہی نہیں کیا جارہا ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پروجیکٹ کو جلدازجلد مکمل کرنے کیساتھ ساتھ اس کی تعمیر پر خرچ ہوئے فنڈز کی جانچ کروائی جائے تاکہ پروجیکٹ کے مکمل ہونے میں ہوئی تاخیر کی سچائی کو عوام کے سامنے لایا جاسکے ۔