جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر ۔کالابن رابطہ سڑک پر چھترال میں قائم ایک کلوٹ گزشتہ کئی برسوں سے شدید خستہ حالی کا شکار ہو ا ہے لیکن محکمہ تعمیرات عامہ کی جانب سے سڑک اور کلوٹ کی بہتری کیلئے ابھی تک کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ تعمیراتی ایجنسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ کئی برسوں سے کلوٹ کی مرمت اور متبادل پل کی تعمیر کا مطالبہ کیا جارہا ہے لیکن ابھی تک حکام کی جانب سے کوئی قدم ہی نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ کلوٹ سے روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں گاڑیوں کیساتھ ساتھ سکولی بچے عام لوگ اور ملازمین گزرتے ہیں تاہم اس کی خستہ حالی اور برساتی موسم میں نالے میں پانی کے بہائو میں آنے والی تیزی کی وجہ سے عام لوگوں کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہوجاتا ہے ۔بھاجپا یوتھ لیڈر تنویر اقبال قریشی نے متعلقہ محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ کئی برسوں سے کلوٹ ناقابل آمدورفت ہوا ہے جبکہ اس سلسلہ میں محکمہ سے بھی کئی مرتبہ رجوع کیاگیا لیکن ابھی تک اس کی مرمت کاکوئی کام نہیں تھایا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ نصف درجن کے قریب دیہات کے لوگوں کیلئے واحد راستہ ہونے کی وجہ سے اس کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ کلوٹ کی مرمت کیلئے محکمہ تعمیرات عامہ کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ عام لوگوں کی آمد ورفت متاثر نہ ہو۔