عاصف بٹ
کشتواڑ//جموں و کشمیر کے کشتواڑ ضلع میں جمعرات کو تلاشی آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے درمیان فائرنگ کا ایک مختصر تبادلہ ہوا، جس میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا۔پولیس نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں کی موجودگی سے متعلق مخصوص اطلاعات کی بنیاد پر پولیس اور 11آر آرنے چھاترو میں مشترکہ تلاشی آپریشن شروع کیا۔انہوں نے کہاکہ جمعرات کی صبح قریب ساڑھے 10بجے ملی ٹینٹوں کیساتھ رابطہ قائم ہوااور دونوں طرف سے چند رائونڈ فائر کیے گئے۔ذرائع نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار معمولی طور پر زخمی ہوا اور اسکی ٹانگ میں گولی لگی۔اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔واقعہ کے بعد اس پورے علاقے کو گھیرے میں لیکر بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا گیا ہے۔پچھلے دو مہینوں کے دوران کشتواڑ کے مختلف حصوں میں سیکورٹی فورسز کے ملی ٹینٹوںکے ساتھ متعدد بارگولیوں کا تبادلہ ہوا ہے۔13 ستمبر کو اسی علاقے میںچھاترو کے نائدگام کے مقام پر تصادم میں ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر(جے سی او)سمیت دو فوجی اہلکار مارے گئے۔