چکہ رامسو میں تیندوے نے 20بھیڑیں مار ڈالیں

بانہال // ضلع رام بن کے چکہ تحصیل رامسو کے علاقے میں گزشتہ رات ایک تیندوے نے غلام نبی وانی ولد عبدالاحد وانی ساکنہ چکہ رامسو کی کم از کم بیس بھیڑوں کو ہلاک کردیا ہے جبکہ کئی ایک بھیڑیں لاپتہ بتائی جاتی ہیں۔ مقامی سرپنچ شفیق احمد کٹوچ نے بتایا کہ پچھلے کئی ماہ کے دوران ایک سو کے قریب بھیڑ بکریاں اور پالتو مال مویشی کو جنگلی درندوں نے چکہ ، شگن اور سربگنی رامسو کے علاقوں میں مار ڈالے ہیں اور چار بار کی گذارشات کے باوجود محکمہ جنگلی حیات کے حکام خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چکہ اور شگن کے علاقوں میں آدھ درجن سے زائد تیندوے گروہوں کی صورت میں گھومتے اور شکار کرتے ہیں جس کی وجہ سے بستیوں میں خوف و ہراس کا عالم پایا جاتا ہے ۔