چکراڑہ منڈی میں یک روزہ ذکر حسین ؑکانفرنس

منڈی //البہادر فیڈریشن کی طرف سے منڈی کے چکراڑہ علاقے میں یک روزہ ذکر حسین ؑ کانفرنس کا انعقاد کیاگیا جس میں بڑی تعداد میں عقیدتمندوں نے شرکت کی ۔اس کانفرنس کی صدارت سید عنایت حسین بخاری نے کی جبکہ اس موقعہ پر مولانا بشارت حسین خان مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے ۔مولانا بشارت نے اپنے خطاب میں سیرت حسین ؑ اور واقعہ کربلا پر مفصل روشنی ڈالی ۔انہوںنے کہاکہ رسول اکرم ؐ کے نواسے امام عالی مقام کا انسانیت پر احسان عظیم ہے کہ آپؑ نے کربلا کے میدان میں اپنی اور اپنے اقربا کی جان نچھاور کرکے اسلام کو باقی رکھا۔ ان کاکہناتھاکہ انسان میں اتنی بصارت و طاقت نہیں کہ وہ ذکر حسین ؑ کرسکے اور یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہمیں ایسی محافل میں شریک ہونے کا موقعہ ملتاہے ۔ قبل ازیں اس کانفرنس کا آغاز تلاوت کلام سے ہوا جس کے بعد امام حسین ؑ کی بارگاہ میں نعت و منقبت پیش کئے گئے۔ اس دوران مولانا افضل ضیا ، مولانا مشتاق، مولانا عارف اشرف و دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور امام حسین ؑ کی سیرت پر عمل پیرا ہونے کی تلقین کی ۔ البہادر فیڈریشن کے چیئرمین سید عین الحسن بخاری نے واقعہ کربلا بیان کرتے ہوئے کہاکہ امام حسین ؑ نے انسانیت کی خاطر عظیم قربانی پیش کی ۔آخر پر سید عنایت حسین بخاری نے بھی خطاب کیا ۔ کانفرنس میں نظامت کے فرائض سید خالد حسین شاہ نے انجام دیئے ۔