تھنہ منڈی // چوہدری ناڑ، ملہت، ڈوڈاج سڑک مسافروں، راہگیروں اور گاڑیوںکیلئے پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہے لیکن کسی کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔ اس سلسلے میں سماجی کارکن اور یوتھ لیڈر مرتضیٰ مرزا نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ چوہدری ناڑ ۔ملہت۔ ڈوڈاج سڑک کی حالت دن بہ دن بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے۔ آے روز اس سڑک پر حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں جس کی سب سے بڑی وجہ سڑک کی ابتر حالت ہے۔ سڑک میں جگہ جگہ گہرے گڑھے پڑے ہوئے ہیں خصوصا چھوٹی گاڑیوں کیلئے یہ سڑک کسی بڑی مصیبت سے کم نہیں ہے۔مکینوں نے بتایا کہ دوران آمد ورفت ٹرانسپورٹر اور عام لوگ بہت پریشانیوں کا سامنا کرتے ہیں ۔گاڑیوں کے مالکان بہت رنجیدہ اور دکھی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ہم نے بنک قرضوں پر یہ گاڑیاں خرید رکھی ہیں لیکن سڑک کی تباہی کی وجہ سے ہماری گاڑیاں بھی برباد ہو گئی ہیں۔ مکینوں نے بتایا کہ خاص کر ہائرسیکنڈری اسکول ڈھنڈ کوٹ سے لے کر پلیارنی ملہت تک اور منگوٹہ سے ڈوڈاج مڈہون پل تک سڑک تقریباً تباہ ہو چکی ہے جس پر چلنا بھی دشوار ہو چکا ہے۔ انھوں نے گورنر انتظامیہ اور ڈپٹی کمشنر راجوری سے پرزور اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترجیحی بنیادوں پر اس سڑک کو قابلِ آمد و رفت بنا کر اس پر بلیک ٹاپنگ کے احکامات جاری کئے جائیں تاکہ یہاں کی عوام کو اس مصیبت سے چھٹکارا مل سکے اور مزید کسی بڑے اور جان لیوا حادثے سے بچ سکیں۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ ضلع ترقیاتی کمشنر وکاس کنڈل لوگوں کی اس پریشانی کا ازالہ کر کے انھیں راحت پہنچانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
چوہدری ناڑ۔ڈوڈاج سڑک کی خستہ حالت | لوگوں نے حکومت کے تئیں ناراضگی کا اظہارکیا
