چوٹی کٹ کا معمہ حل کرنے کا دعویٰ

گاندربل//واکورہ گاندربل میں گیسوتراشی کامعمہ حل کرتے ہوئے پولیس نے 2ملزمان کوسلاخوں کے پیچھے پہنچادیا۔ایس ایس پی گاندربل فیاض احمدلون نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ کھاگ کے رہنے والے دونوں گرفتارملزمان اصل میں یہاں چوری کرنے کی غرض سے آئے تھے اورانہوں نے مقامی آبادی میں افراتفری مچانے کیلئے ایک لڑکی کی چوٹی کاٹ ڈالی ۔ وسطی ضلع گاندربل کے واکورہ علاقہ میں گزشتہ ماہ ایک لڑکی کی چوٹی کاٹنے کاواقعہ رونماہواتھا،اورمقامی لوگوں نے 2غیرمقامی نوجوانوں کوپکڑکراُنکی ہڈی پسلی ایک کردی تھی تاہم پولیس نے فوری طورجائے موقعہ پرپہنچ کردونو ں مشتبہ نوجوانوں کوعوامی غیض وغضب سے بچاتے ہوئے اپنی تحویل میں لیا۔بعدازاں متاثرہ لڑکی نے تھانے آکرمعاملہ درج کرالیا۔گاندربل پولیس نے لڑکی کی شکایت پرملزمان کیخلاف ایک کیس زیرنمبر14/2017درج کرکے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ۔ایس ایس پی گاندربل فیاض احمدلون نے اس ساری تحقیقات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ مجسٹریٹ کی موجودگی میں متاثرہ دوشیزہ کے سامنے ملزمان کی شناختی پریڈکرائی گئی ،جس دوران دوشیزہ نے اُن دومبینہ ملزموں کی پہچان کرلی جنہوں نے بقول لڑکی کے اُسکی چوٹی کاٹی تھی ۔ایس ایس پی گاندربل نے بتایاکہ گیسوتراشی کی شکارلڑکی کی جانب سے شاخت کئے جانے کے بعددونوں ملزمان کوگرفتارکرکے اس معاملے کی تحقیقات جاری رکھی گئی ۔اعلیٰ پولیس افسرفیاض لون نے کہاکہ ابتدائی پوچھ تاچھ اورتحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ واکورہ گاندربل میں ایک لڑکی کی چوٹی کاٹنے میں ملوث دونوں ملزمان کاتعلق ضلع بڈگام کے کھاگ بیروہ علاقہ سے ہے ،اوروہ اصل میں یہاں نقب زنی کے مقصدسے آئے تھے ۔انہوں نے کہاکہ چوری کی واردات انجام دینے کیلئے دونوں ملزمان نے مقامی آبادی میں افراتفری مچانے کیلئے ایک لڑکی کی چوٹی کاٹ ڈالی ۔