چوٹیاں کاٹنے کے بڑھتے واقعات

 سوپور//منشیات اوروادی میں خواتین کی چوٹیاں کاٹنے کے بڑھتے واقعات کے خلاف کل سوپور میں ٹریڈرس فیڈریشن کی طرف سے احتجاج ہوا ۔فیڈریشن کے صدر حاجی محمد اشرف گنائی کی سربراہی میں ہوئے اس احتجاج میں تاجروں کے علاوہ سول سوسائٹی ممبران ،سماجی کارکنوں ،بی ایم او سوپور ڈاکٹر سمیع اللہ ،انجمن معین اسلانم کے ممبران ،سرکردہ شہریوںاور قصبہ کے لوگوں نے شرکت کی ۔احتجاج میں شامل شرکاء نے کہا کہ وادی بھر میں خواتین کے بال کاٹنے سے خوف و دہشت پھیل گئی ہے اور ریاستی سرکار اس میں ملوث مجرموں کو بے نقاب کرنے میں پوری طرح ناکام ہوئی ہے۔اس موقعہ پر منشیات کی لت پر شرکاء نے کہا کہ طالب علم اور نوجوان نسل اس لت کا شکار ہورہے ہیں جو سماج کیلئے ایک ناسور بنتا جارہا ہے ۔