سرینگر// پی ڈی پی کے یوتھ سیکریٹری عارف لائیگرو نے شہر میں آئے دن پانی جمع ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کے تدارک کیلئے فوری طور پر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکار کے بلندبانگ دعوئوں کے باوجود جمعرات کو چند گھنٹوں کی بارشوں نے خستہ حال نکاسیٔ آب نظام کی پول کھول کر رکھ دی۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے کئی علاقوں میں بارشوں کا پانی جمع ہونے کے نتیجے میں لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا’’ شہر کے بیشتر کوچے اور سڑکیں پانی میں ڈوب گئیںجس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر ٹریفک کے نقل و حرکت میں خلل پڑا‘‘۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے بیشتر علاقوں کی سڑکوں بشمول لالچوک،ریگل چوک،ریذڈنسی روڑ پر لوگوں کو عبور ومرور میں کافی دقتیں پیش آئیں۔ عارف لائیگروں نے کہا’’کچھ اہم چوراہوں جن میں ریگل چوک،بھی شامل ہے، پر لوگوں نے آٹو رکھشائوں میں سڑک کو عبور کرنے کیلئے سفر کیاجبکہ سڑکوں کے پانی میں غرقآب ہونے سے ٹرانسپورٹ بھی غائب رہا۔ انہوں نے کہا کہ گھنٹہ گھر،مگرمل باغ،جہانگیر چوک،کرن نگر اور بٹہ مالو کے علاوہ شہر کے کئی علاقوں میں بہت پانی جمع ہوا۔
چند گھنٹوں کی بارشوں نے نکاسیٔ آب نظام کی پول کھول دی: پی ڈی پی
