چنار پریمئر لیگ کا دوسرا ایڈیشن جاری | ہمدان کرکٹ کلب اورایف سی سی لسجن کی دو میچوں میں جیت

عظمیٰ نیوز سروس

جموں//محبوب العالم سپورٹس کے زیر اہتمام جاری چنار پریمیئر لیگ ایڈیشن 2 میں گروپ سی کے دو میچ گروٹہ کرکٹ گراؤنڈ جموں کے ٹرف سرفیس میں کھیلے گئے۔ سابق جے کے کرکٹر اور سینئر سلیکٹروویک شرما کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے مہمان خصوصی تھے۔پہلا میچ ہمدان کرکٹ کلب اور کیو آر ایس اسپورٹس کرکٹ کلب کے درمیان کھیلا گیا۔ ہمدان کرکٹ کلب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بنائے۔ ہمدان کرکٹ کلب کے زہران اور رقیب نے 35،35 رنز بنائے۔ جواب میں کیو آر ایس اسپورٹس 91 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی اور 19ویں اوور میں میچ ہار گئی۔ ہمدان کرکٹ کلب کے محسن نے صرف 10 رنز دے کر 3 اہم وکٹیں حاصل کیں اور مین آف دی میچ قرار پائے۔ایک اور میچ میں ایف سی سی لسجن نے سپر اسٹار کاکہ پورہ کو 2 وکٹوں سے شکست دی۔ سپر اسٹار کاکہ پورہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بنائے۔ سپر اسٹار کاکہ پورہ کے عادل نے صرف 31 گیندوں پر 52 رنز بنائے۔ جواب میں ایف سی سی لسجن نے ہدف 20ویں اوور میں حاصل کر کے میچ 2 وکٹوں سے جیت لیا۔ ایف سی سی لسجن کے عمر لیفٹی اور صفدر علی نے اپنی ٹیم کے لیے 59 اور 33 رنز بنائے۔ آخر میں ایف سی سی لسجن کے عمر لیفٹی کو وویک شرما سابق جے کے کرکٹر اور سینئر سلیکٹر کے ذریعہ صرف 49 گیندوں میں 59 رنز بنانے پر مین آف دی میچ سے نوازا گیا۔ آج کا میچ جیت کر دو ٹیمیں ایف سی سی لسجن اور ہمدان کرکٹ کلب نے چار چار پوائنٹس حاصل کر کے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ محبوب العالم سپورٹس کی انتظامیہ بشمول منیجر شبیر احمد شاہ اب تک کوارٹر فائنل میں کوالیفائی کرنے والی چھ ٹیموں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ گروپ ڈی کی دو ٹیمیں، کل آٹھ ٹیمیں، اگلے ہفتے کوالیفائی کریں گی اور ناک آؤٹ میچ شروع ہوگا۔