عظمیٰ نیوز سروس
جموں//محبوب العالم سپورٹس کے زیر اہتمام اور گروٹہ کرکٹ گراؤنڈ جموں کی ٹرف پر کھیلے جارہے چنار پریمئر لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں چھ ٹیموں نے کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا ۔ گروپ اے، بی اور سی میں سے ہر ایک کی سرفہرست دو ٹیمیں اور نیٹ رن ریٹ کے مطابق کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کرگئیں۔ گروپ ڈی سے دو ٹیمیں چند دنوں میں کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کریں گی اور اسی کے مطابق سیمی فائنل شروع ہوں گے۔ کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے والی چھ ٹیمیں زونی مر واریرز، ترال ہنٹرز، اربن ووگ کنزر، ہل ویو جونیئر راجوری، ہمدان کرکٹ کلب اور ایف سی سی لسجن ہیں۔ کرکٹ کے مفاد میں سی پی ایل کی انتظامیہ نے ٹیموں سے اپیل کی اور اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ کھلاڑی جنہوں نے لیگ میچوں میں کارکردگی کا مظاہرہ کیا انہیں کوارٹر فائنل اور دیگر بقیہ ناک آؤٹ میچوں میں سٹاراورمقبول کھلاڑیوں کو مدعو کرکے نظر انداز نہیں کیا جائے گا جس سے کھیل کی روح بری طرح متاثر ہوتی ہے۔زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے مختلف لوگ کھیل کے میدان کا دورہ کرتے ہوئے کھلاڑیوں اور مختلف ٹیموں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ دیگر افرادکے علاوہ وویک شرما سابق جے کے کرکٹر اور سینئر سلیکٹر پرجوش کرکٹروں کی حوصلہ افزائی کے لیے مہمان خصوصی تھے۔ محبوب العالم سپورٹس کی انتظامیہ بشمول منیجر نے کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے والی ٹیموں کو مبارکباد اور آنے والے میچوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔