چناب کے بالائی علاقوں میں تازہ برفباری| میدانی علاقوں میں بارش سے زندگی مفلوج

 کشتواڑ/+ڈوڈہ /خطہ چناب کے بالائی علاقوں میں پھر موسم نے اپنا مزاج بدلا جس دوران بالائی علاقوں میں برفباری و میدانی علاقوں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا اور درجہ حرارت میں متواتر گراوٹ درج کی گئی۔ جہاں کل شام کو بھی ہلکی بارشیں ہوئی تھیں وہیں آج صبح بارشوں و برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا اور دن بھر میدانی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارشیں ہوتی رہیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری درج کی گئی جسکے سبب درجہ حرارت میں متواتر کمی واقع ہوئی ۔کشتواڑ کے بالائی علاقوں میں موسمی تبدیلی سے عوامی زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی اور لوگوں گھروں میں ہی محصور ہوکررہ گئے۔ضلع کشتواڑ کے پہاڑی علاقوں میں کئی انچ تازہ برفباری درج کی گئی ۔سنتھن ٹاپ ، مرگن ٹاپ پر تازہ برفباری کے سبب برف ہٹانے کے کام میں دشوار ی پیش آئی ۔اگرچہ گرم ملبوسات کا استعمال کم کیا گیا تھا تاہم  سردی کی شدت بڑھنے کے سبب لوگوں نے دوبارہ انکا استعمال کرنا شروع کردیا ہے۔ادھرڈوڈہ ضلع کے پہاڑوں پر ہلکی برفباری و میدانی علاقوں میں بارش کا عمل شروع ہوا ہے جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ منگل کے روز موسم کے کئی رنگ بدلے ،کبھی دھوپ اور کبھی بادل چھائے رہے۔ بعد دوپہر ڈوڈہ کے پہاڑوں پر ہلکی برفباری و میدانی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ شروع ہواجس کی وجہ سے سردی میں ایک بار پھر اضافہ ہوا ہے۔