چنئی سپر کنگس اور ممبئی انڈینس کے مابین ہوگا برابر کا مقابلہ

 نئی دہلی//آئی پی ایل کی تاریخ کی دو سب سے کامیاب ٹیمیں ممبئی انڈینس (ایم آئی) اور چنئی سپر کنگس (سی ایس کے) یہاں سنیچر کو آئی پی ایل 14 کے 27 ویں میچ میں مدمقابل ہوں گی اور دونوں کے مابین برابر کے مقابلہ ہوگا۔فی الحال ممبئی چھ میچوں میں تین شکست اور تین جیت کے ساتھ چھ پوائنٹ لیکر چوتھے جبکہ چنئی چھ میچوں میں ایک شکست اور پانچ فتوحات کے ساتھ 10 پوائنٹ کے ساتھ پہلے مقام پر ہے۔ اس مقابلے میں ممبئی کے سامنے چنئی کی جیت کا سلسلہ روکنے اور پچھلے مقابلے میں واپس آئی اپنی فارم کو برقرار رکھتے ہوئے دوسری جیت حاسل کرنے کے ساتھ پلے آف میں پہنچنے کی دعویداری کو مضبوط کرنے کا چیلنج ہوگا۔ وہیں چنئی ممبئی سے آئی پی ایل 2019 فائنل میں شکست کا بدلہ لینا چاہے گی۔ دونوں ٹیموں نے آپس میں اب تک 30 مقابلے کھیلے ہیں، جس میں ممبئی نے 18 تو چنئی نے 12 جیتے ہیں۔اس میچ میں ممبئی کے لئے چنئی کو ہرانا آسان نہیں ہوگا ، جس کی وجہ چنئی کی پوری ٹیم کے فارم میں ہونا ہے۔ چنئی اس سیزن میں بیٹنگ ، بولنگ اور فیلڈنگ کے تمام شعبوں میں بہترین رہی ہے۔ بیٹ کے ساتھ ، فاف ڈو پلیسیس ، رتوراج گائکواڈ ، معین علی ، سریش رینا اور رویندر جڈیجا جبکہ دیپک چاہر ، شاردل ٹھاکر ، سیم کیرن اور دیگر بولر گیند کے ساتھ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ فیلڈنگ میں چنئی کی سطح بھی بہتر ہے۔ ڈو پلیسس سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں شیکھر دھون کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔ اس کے ساتھ ہی ، دیپک چاہر سب سے زیادہ وکٹیں لینے کے معاملے میں ساتویں نمبر پر ہیں۔ممبئی کی مجموعی کارکردگی تو بہتر نہیں رہی ، لیکن کپتان روہت شرما اور سوریہ کمار یادو نے عمدہ بیٹنگ کی ہے اور پچھلے میچ میں اچھی اننگز کھیل کر کوئٹن ڈی کاک بھی فارم میں واپس آئے ہیں۔ روہت نے چھ میچوں میں 215 رنز بنائے ہیں ، جبکہ سوریہ کمار نے 170 رنز بنائے ہیں۔ بولنگ میں ، نوجوان لیگ اسپنر راہل چاہر 11 وکٹوں کے ساتھ سب سے زیادہ وکٹ لینے والے بولرز کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ ایسے میں دونوں ٹیموں کے مابین ایک دلچسپ میچ ہوگا۔یو این آئی