چلہ کلاں کی یخ بستہ ہوائوں کا زور

سرینگر// شبانہ درجہ حرارت میں مسلسل کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے ۔ سرینگر میں اگرچہ شبانہ درجہ حرارت میں معمولی بہتری درج کی گئی ، تاہم گلمرگ وادی کی سرد ترین جگہ رہی جبکہ دراس میں پھر شبانہ درجہ حرارت منفی21.9 ڈگری ریکارڈ کیا ۔ محکمہ موسمیات نے پہلے ہی 16جنوری تک موسمی صورتحال میں تبدیلی نہ آنے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے شبانہ سردیوں میںاضافہ کی پیشگوئی کی ہے ۔شدید سردی کی لہر نے وادی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ صبح و شام یخ بستہ ہواؤں کی وجہ سے سردی میں اضافہ ہوگیا ہے۔محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق سرینگر سمیت وادی کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے مسلسل نیچے درج ہورہا ہے۔ سرینگر میں شبانہ درجہ حرارت منفی2.7 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا جبکہ گلمرگ وادی کا سرد ترین خطہ رہا جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی11.0 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی9.4 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی11.6 ڈگری تھا۔ کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ لداخ کے دراس قصبہ کا شبانہ درجہ حرارت منفی21.9 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا۔