’چلہ کلان‘ کی آمدکے تیور قدرے نرم درجہ حرارت میں معمولی بہتری،ابر آلود موسم سے اہل وادی کو راحت

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر// جمعہ کو پورے کشمیر میں کم از کم درجہ حرارت میں معمولی بہتری دیکھنے میں آئی ۔وادی کے سخت ترین موسم سرما کے دوسرے دن چلہ کلان کی شدید سردی سے معمولی راحت ملی۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سرینگر میں بدھ کی راتدرجہ حرارت 3.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ پہلگام میں کم از کم درجہ حرارت منفی 4.8 اور گلمرگ میں منفی 1.0 ڈگری تھا۔قاضی گنڈ میں منفی 3.0 ، کوکرناگ میں منفی 2.4 اور کپواڑہ میں کم سے کم منفی 3.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ کے ایک ترجمان نے کہا کہ شدید سردی کے نتیجے میں پانی کے ذخائر معمولی طورمنجمد ہو گئے تھے۔ اور صبح کے وقت شدید سردی محسوس کی گئی۔انہوں نے کہا کہ دوپہر تک ابر آلود موسم ہونے کے نتیجے میں سردی کا زور رہا لیکن مجموعی طور پر چلہ کلان کے دوسرے روز شبانہ سردی میں تھوڑی بہت بہتری محسوس کی گئی۔موسمیات کے ماہر نے جمعہ کو عام طور پر ابر آلود موسم کی پیش گوئی کی ہے، ہفتہ کو جموں و کشمیر کے اونچی علاقوں میں الگ تھلگ مقامات پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ 27 دسمبر کو اونچے علاقوں میں الگ تھلگ مقامات پر ہلکی برفباری کا ایک اور سلسلہ ممکن ہے۔’چلہ کلان’ 40 دن کا سخت ترین موسم سرما کا دورانیہ ہے جب سردی کی لہر اس علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیتی ہے اور درجہ حرارت کافی حد تک گر جاتا ہے جس کی وجہ سے آبی ذخائر منجمد ہو جاتے ہیں، اور پانی کی سپلائی لائنیں بھی منجمد ہو جاتی ہیں۔اس عرصے کے دوران برف باری کے امکانات سب سے زیادہ اور زیادہ سے زیادہ ہوتے ہیں اور زیادہ تر علاقوں میں، خاص طور پر اونچے علاقوں میں، بھاری برف باری ہوتی ہے۔