سرینگر میں منفی2.1، دراس میں منفی15.9
سرینگر// محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ 21 دسمبر سے شروع ہونے والے 40 روزہ سخت ترین سردی کے پہلے مرحلے’ چلہ کلان ‘کے آغاز تک بھاری برف باری کا کوئی امکان نہیں ہے۔ البتہ 15دسمبر کو جموں وکشمیر کے چند ایک علاقوں میں معمولی برف یا بارشیں ہو سکتی ہیں ۔محکمہ کے مطابق مجموعی طور پر چلہ کلاں کی آمد تک موجودہ موسم کی نوعیت میں کوئی خاص تبدیلی نہیں آئے گیاور جموں و کشمیر اور لداخ میں 14 دسمبر تک دن قدرے گرم اور راتیں سرد ترین رہیں گی ۔معلوم رہے کہ کشمیر وادی میں چلہ کلاںکے ایام 21دسمبر سے 31جنوری تک رہتے ہیں۔چلہ کلان میں سخت سردی پڑتی ہے اور اس موسم میں برف باری کے امکانات سب سے زیادہ ہوتے ہیں تاہم سردی کی لہر اس کے بعد بھی کشمیر میں 20 دن کے چلہ خورد اور 10 دن کے چلہ بچہ کے ساتھ جاری رہتی ہے۔رواں سیزن میں اب تک کم از کم دو مرتبہ برف باری ہو چکی ہے۔دریں اثنا ء محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں موسم خشک رہنے کی صورت میں شبانہ درجہ حرارت میں پھر سے گراوٹ دیکھنے کو ملی ہے ۔بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات سرینگر میں رات کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 2.1 ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات منفی 0.4 تھا۔قاضی گنڈ میں منفی2.1ڈگری رہا،جو اس سے قبل منفی1.6 ریکارڈ کیا گیا ۔ پہلگام میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات منفی4.9ڈگر ی سلسیش ریکارڈ کیا گیا جبکہ اس سے قبل کی رات منفی4.8ڈگری تھا ۔ کرناگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات منفی 1.4 ڈگری تھا۔ کپواڑہ میںی2.4ڈگری تھا جو اس سے قبل منفی1.4ڈگری تھا ۔گلمرگ میں منفی منفی5.8ڈگری سلسیش ریکارڈ کیا گیا ۔ لداخ خطہ میں شدید سردی پڑ رہی ہے لداخ کے لیہہ علاقے میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 10.0ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ کرگل کے دراس علاقے میں منفی 15.9 ڈگری تھا ۔