چلڈرن پارک گلمرگ میں گندگی اور گوبر کے ڈھیر، انسانوں سے زیادہ کتے نظر آرہے ہیں ، حکا م خاموش

فیاض بخاری

بارہمولہ// گلمرگ میں مشہورچلڈرن پارک آجکل گائو خانے میں تبدیل ہوچکی ہے جبکہ پارک میں انسانوں سے کتے زیادہ نظر آرہے ہیں ۔ مقامی سیاحوں، بچوں کی سیر کے ساتھ ساتھ بیرون ملک سے آنے والے سیاحوں کیلئے اس پارک میں داخلہ فیس نوجوانوں اور بڑوں کے لیے بالترتیب دس اور بیس روپے ہے لیکن دنیا کے مشہور اور خوبصورت سیاحتی مقام کا حصہ ہونے کے باوجود یہ پارک اب کافی خستہ حالت میں ہے۔پارک میں تمام کرسیاں ٹوٹی ہوئی ہیں۔ بچوں کو خوش کر نے کیلئے کچھ بھی نہیں رہا ، تفریحی چیزیں پرانی یا مکمل طور پر بیکار ہیں۔ پارک میں ہر جگہ گندگی اور گوبر کے ڈھیر نظر آرہے ہیں جس سے پارک آلودگی کا شکار ہوئی ہے۔ لکڑی کے چھوٹے پل مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں اور بچوں کیلئے کسی بھی وقت تباہ کن ثابت ہو سکتے ہیں۔ ایک مقامی سیاح مبارک احمد نے بتایا کی اس پارک میں لوگوں سے زیادہ اب کتے ہی دیکھنے کو مل رہے ہیں ، یہ آوارہ کتے ہر ایک کیلئے سنگین خطرہ ہیں اور خاص طور پر بچوں کے لیے سنگین خطرہ ثابت ہو سکتے ہیں۔

سیاحوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ پارک کی خوبصورتی دوبارہ واپس لایا جائے اوریہاں کچھ کوڈے دان نصب کئے جائیں۔ اس کے علاوہ ان چھوٹے لکڑی کے پلوں کی تعمیر نو یا مرمت کی جائے۔ اسلامیہ ماڈل ہائی اسکول فتح گڑھ بارہمولہ کے اساتذہ نے بتایا کہ کچھ روز قبل وہ بڑے شوق سے بچوں کو لیکر چلڈرن پارک گئے تھے تاہم انہیں وہاں صرف کتے اور گوبر نظر آیا جس کے بعد انہیں بچوں کو واپس نکالنا پڑا ۔ اس کے علاوہ اگر چہ اسکولی بچوں کیلئے پارک میں موجود کچھ کھلونے ہیں تاہم بچوں کیلئے کوئی کوئی رعایت نہیں دی جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم پارک میں طعام کرنے لگے تھے تاہم وہاں درجنوں کتے نظر آئے اور انہیںکوئی پوچھنے والا نہیں تھا جس کے نتیجے میں بچے بھی ڈر گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ میونسپل حکام بھی گہری نیند میں ہیں کیونکہ وہ ان کتوں کو ٹھکانے لگانے میں پوری طرح سے ناکام ہیں جس کے بعد ہمیں مذکورہ پارک سے واپس نکالناپڑا ۔

اس سلسلے میں ڈائریکٹر ٹورزم کشمیر راجہ فارو ق نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ایسا کوئی مسئلہ نہیں ہے پارک کی روزانہ بنیادپر صفائی کی جارہی ہے اور پارک کی صفائی کا کام میونسپلٹی حکام کی ہے۔ ادھر میونسپلٹی کمیٹی ٹنگمرگ کے ایگزیکٹیو افسر میر تفویض نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ چلڈرن پارک کی صفائی کا کام گلمرگ ڈیولپمنٹ اتھارتی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمار ا کا صرف مین سڑکوں کی صفائی کرنا ہے،ہمار ااس پارک سے کوئی لینا دینا نہیں ہے ۔