چلو دکھائیں اپنا دیش | محکمہ سیاحت کی بوبہ نیشور ٹوراِزم کنکلیو میں اپنے اقدامات کی نمائش

سرینگر//جموںوکشمیر محکمہ سیاحت ان دِنوں بوبنیشور اڑیسہ میں منعقد ہونے والے ایک قومی سیاحتی کنکلیو میں سیاحتی بحالی کے سلسلے میں  کووِڈ کے بعد تجربات کی نمائش کر رہا ہے۔اِس کنکلیوکا تھیم’’ چلو دکھائیں اَپنا دیش ‘‘ہے اور اِس کا اِفتتاح مرکزی وزیر سیاحت و ثقافت جی کشن ریڈی نے کیا۔مرکزی وزیر نے اَپنے اِفتتاحی خطاب میں اندرون ملک اور گھریلو سیاحت کو مزید فروغ دینے کے لئے حکومت کی کوششوں پر زور دیا ۔انہوں نے جموںوکشمیر کے محکمہ سیاحت کی کووِڈ کے بعدسیاحتی شعبے کی بحالی میں اس کے اِقدامات اور کوششوں کی تعریف کی۔مرکزی وزیر نے سیاحت کی آمد اور پروازوں کے اعداد و شمار بتاتے ہوئے جموں وکشمیر میںسیاحت کی موجودہ حالت پر اطمینان کا اِظہار کیا اور انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ آنے والے مہینوں میں جموںوکشمیر میں سیاحتی آمد و رفت میں مزید تیزی آئے گی۔ اُنہوں نے سیاحتی شعبے کو مزید مضبوط بنانے کے لئے حکومت کی جانب سے کئے جانے والے متعدد اقدامات کا ذِکر کیا۔اِفتتاحی سیشن میں صدر ایسو سی ایشن آف ڈومیسٹک ٹور آپریٹرس آف اِنڈیا پی پی کھنہ، چیئرپرسن ٹریول ایجنٹس ایسو سی ایشن آف اِنڈیا جیوتی میال ، ڈائریکٹر اِندرا گاندھی نیشنل سینٹر آف آرٹس ،ملک بھر سے سیاحت کے معروف کھلاڑی ، اَفسران اور کئی رِیاستوں اور یوٹیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔مرکزی وزیر نے اِفتتاح کے فوراً بعد جے کے ٹوراِزم ڈیپارٹمنٹ کے سٹال کا دورہ کیا اور نمائش میں رکھے گئے تشہیر ی مواد میں گہری دِلچسپی ظاہر کی ۔ اُنہیں محکمہ کے اَفسران نے سیاحتی نقشے پر حال ہی میں شامل کئے گئے 75 نئے مقامات اور محکمہ کی طرف سے ان کی تشہیر کے بارے میں بریفنگ دی۔بعد میں محکمہ کے اَفسران نے تکنیکی سیشنوں کی ایک سیریز میں مندوبین کو مقامی شراکت داروں کے ساتھ قریبی تال میل میں محکمہ کی جانب سے شروع کئے گئے بحالی کے ماڈیولز ، محکمہ کی جانب سے کئے گئے نئے اِقدامات ، نئے مواقع ، سیاحتی مصنوعات کی تنوع ، اُبھرتی ہوئی مہم جوئی اور ورثے کی صلاحیت اور جموںوکشمیر کے سیاحتی شعبے کے دیگر پہلوکے بارے میں معلومات فراہم کیں۔  کنکلیو میں محکمہ سیاحت کی نمائندگی راجوری ڈیولپمنٹ اَتھارٹی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر وویک پوری اور ڈپٹی ڈائریکٹر ٹوراِزم کشمیر احسان الحق چشتی کر رہے ہیں۔مندوبین نے اَپنے جواب میں کہا کہ جموںوکشمیر کے سیاحتی شعبے کے تجربات سے اِس شعبے کی بحالی کے سلسلے میں بہت کچھ سیکھنے کو ملاہے۔کنکلیو میں محکمہ کا سٹال ٹریول آپریٹروں کے دوروں اور ان کے سوالات میں مصروف رہا ۔تلنگانہ ، وشاکھا پٹنم، ویزاگ ، حیدر آباد ، چھتیس گڈھ ، کرناٹک ، دہلی اور ببنیشور کے ٹور آپریٹروں نے سٹال کا دورہ کیا اور جموں وکشمیر میں سیاحتی شعبے کی موجودہ صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔کنکلیو کا اِختتام گورنر اڑیسہ پروفیسر گنیش لال کی صدارت میں اِختتامی تقریب سے ہوا۔