سرینگر// محکمہ جنگلات چشمہ شاہی علاقہ میں بونی نار پہاڑی پر ایک ہربل پارک تعمیر کررہی ہے ۔پرنسپل چیف کنسرویٹر فارسٹس نے کل اس بات کی جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ چشمہ شاہی سے ڈیڑھ کلو میٹر دور بونی نار پہاڑی پر یہ پارک تعمیر کی جائے گی ۔انہوں نے افسروں اور عملے کے ہمراہ کل مجوزہ جگہ کا دورہ کیا اور کہا کہ پارک کی تعمیر رواں سال کے دوران شروع ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ پارک میں سینکڑوں قسم کے مختلف دواؤں کے پودے اور جڑی بوٹیاںلگائی جائیں گی تاکہ لوگوں اور خاص کر سکول اور کالج طلباء کو وادی میں قدرتی دوائوںکی تعلیم اورآگاہی مل سکے۔انہوں نے کہا کہ ہربل پارک تک رسائی کیلئے ایک کلو میٹر راستے کو تیار کیا جائے گا ۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہCAMPA فنڈ سے پروجیکٹ کیلئے17.21 لاکھ روپے مختص رکھے گئے ہیں ۔پرنسپل چیف کنسرویٹر فارسٹس نے ڈویژنل فارسٹ آفیسر سرینگر کو ہدایت دی کہ پارک کے راستے کیلئے ڈیزائن پر مناسب توجہ دی جائے اورعنا صر فطرت کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ نہ کی جائے ۔دورے کے دوران پرنسپل چیف کنسرویٹر فارسٹس کے ہمراہ چیف کنسرویٹر فارسٹ اور دیگر کئی افسران بھی تھے ۔